اسلام آباد: پی ٹی آئی حکومت کو معاونین خصوصی، مشیران، وزراء اور وزیر مملکت کی فوج رکھنے پر سخت تنقید کا سامنا ہے اور اب عمران خان کی حکومت پر سپریم کورٹ نے بھی اس حوالے سوالات اٹھائے ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق وزیر اعظم کے مشیران اور وفاقی وزراء کو 2 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ، ماہانہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس 20 ہزار، ماہانہ یوٹیلٹی الاؤنس 22ہزارملتا ہے۔
اسی طرح ذاتی اور فیملی کے استعمال کے لیے سرکاری گاڑی، فرنشڈ سرکاری رہائش یا پھر ماہانہ ایک لاکھ 3 ہزار روپے مکان کا کرایہ یا اپنے گھر میں رہائش اختیار کی صورت میں بھی ایک لاکھ 3 ہزار روپے ماہانہ ملیں گے۔ سرکاری دورے کے دوران روزانہ 3 ہزار روپے الاؤنس بھی مل رہا ہے۔
حکومت کے معاونین خصوصی اور مشیروں کے اثاثہ جات اب تک عوام سے پوشیدہ کیوں؟
ریاست کو تنقید برداشت کرنی چاہیے، سپریم کورٹ
وزراء، مشیران اور ان کے اہل خانہ کو مفت گاڑی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ چھٹیوں کے دوران ماہانہ 2 لاکھ روپے تنخواہ وصول کی جا سکتی ہے۔ وزراء اور مشیروں کو ملنے والے پرسنل اسٹاف میں پرائیویٹ سیکرٹری، پی اے، اردو ایس /جی یا ایس ٹی، قاصد اور نائب قاصد شامل ہیں۔
انہیں میڈیکل سہولت بھی میسر ہے، ٹیلی فون اور موبائل بل کی مد میں 7 ہزار روپے تک کی سہولت دی گئی ہے، ان کے گھروں پر 4 اے سی، 4 گیس کے ہیٹر، دو بجلی کے ہیٹر اور ایک ریفریجریٹر کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
اسی طرح وزراء کے گھروں میں گارڈن کی دیکھ بھال بھی حکومتی خرچ پر کی جا رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ وزراء اور مشیران کو گھروں پر سیکیورٹی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیر مملکت اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی کی ماہانہ ایک لاکھ 80 ہزار روپے تنخواہ ہے۔ ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی مد میں ہر وزیر مملکت اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی کو 20 ہزار روپے ملتے ہیں۔
تما م وزیر مملکت اورمعاونین خصوصی کو یوٹیلٹی الاؤنس کی مد میں 22 ہزار روپے ماہانہ ادا کیے جاتے ہیں۔ تمام وزیر مملکت اور معاونین خصوصی اور اہل خانہ کو مفت کار کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
سرکاری گھر نہ ملنے یا پھر اپنا گھر استعمال کرنے پر پونے 94 ہزار روپے کرایہ کی مد میں ادائیگی کی جائے گی۔ سرکاری دورے کے دوران روزانہ 3 ہزار روپے الاؤنس کی بھی ادائیگی کی جاتی ہے۔ چھٹیوں کے دوران بھی وزیر مملکت اور معاونین خصوصی کو ایک لاکھ 80 ہزار روپے تنخواہ ادا کی جائے گی۔
وزیر اعظم کے معاونین خصوصی اور وزیر مملکت کو ملنے والے پرسنل سٹاف میں پرائیویٹ سیکرٹری، پی اے، اردو ایس /جی یا ایس ٹی، قاصد اور نائب قاصد شامل ہیں۔
وزیر مملکت اور معاونین خصوصی کو میڈیکل کی سہولت بھی میسر ہے۔ معاونین خصوصی کو فراہم کیے گئے موبائل فون کا 7 ہزار روپے کا بل بھی سرکاری خزانے سے ادا کیا جائے گا۔
معاونین خصوصی اور وزیر مملکت کے گھروں پر 2 اے سی، 3 گیس کے ہیٹر،1 الیکٹرک ہیٹر کے ساتھ 1 ریفریجریٹر کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
معاونین خصوصی کے گھروں میں باغیچہ کی دیکھ بھال بھی سرکاری خرچ پر کی جاتی ہے اس کے ساتھ ساتھ گھر پر سیکیورٹی کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
