آزاد کشمیر کی حکومت نے مسجد میں باجماعت ادائیگی نماز پر پابندی ہٹانے کا اعلان کر دیا ہے، یہ اعلان آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کی مذہبی علما اور ائمہ کرام کے ساتھ ملاقات کے بعد کیا گیا۔
وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے بتایا کہ مذہبی علما کو احتیاطی تدابیر یقینی بنانی ہوں گی جن میں ایک مخصوص مدت تک دریوں کو ہٹانا، پانچ وقت جراثیم کش سپرے کرنا، نمازیوں کے مابین تین فٹ کا فاصلہ برقرار رکھنا اور ہر نمازی کے لیے ماسک پہننا شامل ہے۔
سعودی حکومت کا کورونا وبا کے خاتمے تک مساجد میں تراویح پر پابندی کا اعلان
بیرون ملک سے واپس آنے والے پاکستانیوں کو 7 دن ہوٹل کے اخراجات ادا کرنے ہوں گے، معید یوسف
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرح آزاد کشمیر کی حکومت نے بھی بیرون ملک پھنسے اپنے شہریوں کو واپس لانے کے لیے منصوبہ بندی کر لی ہے۔
ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے بتایا کہ واپس آنے والے شہریوں کو اسلام آباد یا لاہور میں ایک ہفتہ کے لیے قرنطینہ میں رہنا ہو گا اور متعلقہ حکام سے کورونا وائرس کے منفی نتائج کا سرٹیفیکٹ حاصل کرنے کے بعد انہیں آزاد کشمیر میں آنے کی اجازت ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر پہنچنے پر انہیں گھر پر یا ریاست کی طے کردہ جگہ پر ایک ہفتہ مزید قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔
کابینہ کے ایک رکن نے بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا۔
