کورونا وائرس نے پوری دنیا کے معمولات میں تبدیلی پیدا کر دی ہے، لاک ڈاؤن کے باعث کاروبار بند ہیں اور انسان دوسرے انسان سے گھبرانے لگا ہے۔
ایک بڑی تبدیلی مصافحے کے متبادل طریقوں کی صورت میں سامنے آئی ہے، مختلف ممالک میں لوگ ہاتھ ملانے کے بجائے نت نئے انداز میں ایک دوسرے کا خیر مقدم کر رہے ہیں۔
سی این این نے ایک رپورٹ میں مختلف طریقے بتائے ہیں جو دنیا کے مختلف خطوں میں رائج ہیں۔
سینے پر ہاتھ رکھنا
مسلمان ممالک میں سب سے مقبول طریقہ سینے پر ہاتھ رکھ کر ایک دوسرے کا خیرمقدم کرنا ہے۔
یہ احترام دینے کا طریقہ بھی ہے اور عالمی ادارہ صحت کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹرٹیڈروس کا کہنا ہے کہ وہ کہنی سے کہنی ملانے والے طریقے کے بجائے اسی طرح لوگوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
ماتھے پر ہاتھ رکھ کر سلام کرنا
یہ سیلیوٹ سے ملتا جلتا طریقہ ہے جس میں ایک ہاتھ سے ماتھا چھو کر پھر ہاتھ کو نرمی سے ایک طرف جھٹک دیا جاتا ہے۔
امریکہ میں علامت کے طور ہیلو کہنے کا انداز بھی یہی ہے۔
دونوں ہاتھ جوڑ کر نمستے کہنا
یہ ہندوؤں کا سلام کہنے کا روایتی طریقہ ہے جس کا مطلب ہے کہ "میرے اندر موجود بھگوان آپ کے اندر موجود بھگوان کے سامنے جھکتا ہے”۔
اس میں انسان تھوڑا سا جھک کر سینے کے سامنے ہتھیلیاں اس طرح باندھتا ہے کہ انگلیوں کے پوروں کا رخ اوپر ہوتا ہے۔
وائے بو
بہت سے مشرقی ایشیائی ممالک میں اس طریقے کے مختلف انداز استعمال کیے جاتے ہیں، تھائی لینڈ میں اسے وائے کہا جاتا ہے۔
عموماً نوجوان اپنے سے بڑی عمر کے افراد کو اس طریقے سے ملتے ہیں، اس طریقے میں دونوں ہاتھ سینے کے سامنے باندھ کر سر جھکا لیا جاتا ہے۔
تالی بجانا
زمبابوے میں یہ طریقہ مقبول ہے، خصوصاً وہاں کی شونا نسل میں اسی طریقے سے خیرمقدم کیا جاتا ہے۔
عموماً جب دو لوگ ملتے ہیں تو وہ پہلے ہاتھ ملاتے ہیں اور اس کے بعد تالی بجاتے ہیں لیکن کورونا وائرس کے باعث اب صرف تالی بجا کر ایک دوسرے کو ہیلو کہا جاتا ہے۔
پہلے ایک شخص حال پوچھتا ہے اور تالی بجاتا ہے، دوسرا اس کا جواب دیتا ہے اور پھر وہ بھی تالی بجاتا ہے۔
شاکا سائن
یہ تشکر اور دوستی کے اظہار کا طریقہ ہے، اس کا آغاز ہوائی میں ایک ایسے شخص نے کیا تھا جس کی تین درمیانی انگلیاں ایک حادثے میں ضائع ہو گئی تھیں۔
بعد میں اسے مزدوروں اور سیکیورٹی گارڈز نے ایک دوسرے کو ہیلو کہنے کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا۔
اس طریقے میں درمیان تین انگلیاں اندر کی طرف موڑ دی جاتی ہیں جبکہ انگوٹھا اور چھوٹی انگلی کو سیدھا کر لیا جاتا ہے۔
ابرو اوپر کر کے مسکرانا
سموآ میں ہاتھ ملائے بغیر یہ طریقہ مستعمل ہے جس میں ہلکے سے ابرو اوپر اٹھا کر مسکراہٹ پھینکی جاتی ہے، یہ بغیر کچھ کہے سلام کرنے کا طریقہ ہے۔
ان سب کے علاوہ کہنی سے کہنی ملانا اور پاؤں سے پاؤں ملانے کو بھی سیاسی رہنماؤں نے شہرت دی ہے مگر انہیں مقبولیت حاصل نہیں ہوئی۔