کورونا وبا کے دوران لوگوں کی آن لائن مصروفیات کے پیش نظر فیس بک نے اب ویڈیو گیمز کے میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں اب وہ ایک موبائل گیم ایپ شروع کر رہا ہے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق یہ فری سروس ہو گی اور ویڈیوگیم لائیو کھیلی جائے گی۔
واٹس ایپ نے پیغامات فارورڈ کرنے کی حد میں مزید کمی کر دی
ان پانچ ایپس کو اپنے موبائل سے فوراً نکال دیں
فیس بک کا کہنا ہے کہ اس کے ڈھائی ارب صارفین میں سے ستر کروڑ گیم سے متعلقہ مواد میں مصروف رہتے ہیں، فیس بک کو ایمازون کے ٹوئچ، گوگل کی یوٹیوب اور مائیکروسافٹ کی مکسر سروسز سے مقابلہ درپیش ہے۔
کورونا وبا کے باعث دنیا بھر میں لوگ گھروں میں بیٹھے ہیں جس کے باعث 160 ارب ڈالر کا آن لائن گیمز کا کاروبار خوب کما رہا ہے، فیس بک کا گیم ایپ کو جون میں لانچ کرنے کا ارادہ تھا لیکن اب وہ جلدی کر رہا ہے۔
فیس بک ایپ کی ہیڈ فجی سیمو کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے گیمز میں سرمایہ کاری ایک ترجیح بن چکا ہے کیونکہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ لوگ گیمز کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ جڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ انٹرٹینمنٹ کی ایسی قسم ہے جس میں لوگ ایک دوسرے سے رابطہ کرتے ہیں اور یہ انہیں قریب لاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وبا نے کمپنی کو اپنے گیمز کے پراجیکٹ میں تیزی لانے کے لیے ابھارا ہے، قرنطینہ کے دوران ہم اس شعبے کو بہت تیزی سے بڑھتا دیکھ رہے ہیں۔
فیس بک نے اپنی گیمنگ ایپ کو جنوب مشرقی ایشیاء اور لاطینی امریکہ میں گزشتہ 8 ماہ کے دوران ٹیسٹ کیا ہے اور اب وہ اسے گوگل پلے میں اینڈرائیڈ استعمال کرنے والوں کے لیے پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔