کورونا پر فوکل پرسن ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کورونا کا ٹیسٹ کرایا گیا ہے جو منفی آیا ہے۔
اس سے قبل فیصل ایدھی نے وزیراعظم سے ملاقات کی تھی، بعد ازاں فیصل ایدھی کا کورونا کا ٹیسٹ ہوا جو مثبت آیا، اس کے بعد عمران خان نے بھی اپنا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔
گزشتہ دنوں کورونا اور قومی امور پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ہم آزاد ملک کے شہری ہیں، اگر کوئی نمازی مسجد میں عبادت کے لیے جانا چاہتا ہے تو ہم نہیں روکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی کے ساتھ 20 نکات پر تمام علما نے اتفاق کیا کہ کیسے مسجدیں کھولی جائیں گی۔ جو لوگ عبادت کے لیے مسجدوں میں جانا چاہتے ہیں انہیں ان پر سختی سے عمل کرنا ہے۔
فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا
پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعدا د 9505 ہو گئی، 197 افراد جاں بحق
عمران خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں رہ کرعبادت کریں کیونکہ اگر کورونا وائرس مزید پھیلا تو سختی کرنی پڑے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کہ دنیا اب لاک ڈاؤن ختم کرنے کی طرف جا رہی ہے، اٹلی اور اسپین میں بیس ببیس ہزار اموات ہو چکی ہیں، امریکہ جیسے ممالک میں روزانہ دو ہزار اموات ہو رہی ہیں لیکن وہ بھی سوچ رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن کیسے ختم کیا جائے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ پہلے سیمنٹ سیکٹر اور اس کے بعد کنسٹرکشن سیکٹر کو کھولنے کی اجازت دی، اب آہستہ آہستہ لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کرنے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یورپ، امریکہ کا مسئلہ معیشت کو ٹھیک کرنا ہے جبکہ ہم نے اپنے عوام کو غربت اور بھوک سے بچانا ہے، ہمارا چیلنج ترقی یافتہ ممالک سے زیادہ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ٹائیگر فورس رضا کارانہ کام کرے گی اس پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے، اسے تقسیم کرنے کے لیے کوئی رقم فراہم نہیں کی جائے گی، اس کا کام ضرورت مند افراد کو رجسٹرڈ کرانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یہ سن کر بہت برا لگا کہ پولیس ڈنڈوں سے ان لوگوں کومار رہی ہے جو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا امتحان ہے کہ ہم اپنے کمزور طبقے کا کیسے خیال رکھ رہے ہیں۔ کورونا کے خاتمہ کے بعد اگر پاکستان میں غربت نہ بڑھی تو ہم یہ جنگ جیت جائیں گے۔