وفاقی حکومت کا لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کا فیصلہ
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ موجودہ صورتحال 9 مئی تک چلے گی اور لاک ڈاؤن برقرار رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومتیں صورتحال دیکھ کر فیصلہ کریں گی۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں سحر اور افطار کے وقت کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے تنبیہ کی کہ اگر عوام نے غیرذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور احتیاطی تدابیر کا خیال نہ رکھا تو حکومت مزید پابندیاں عائد کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام میں مختص کی گئی رقم میں سے تقریباً آدھی مستحقین میں تقسیم کر دی گئی ہے، یہ اسکیم رمضان کے دوران بھی جاری رہے گی۔