کورونا وبا کے دوران افریقی جنازہ برداروں کی ایک ’میم‘ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ مقبول ہو چکی ہے، ملائشیاء میں اس میم کو کورونا وبا سے بچاؤ کیلیے اشتہارات میں بھی استعمال کیا گیا ہے جبکہ واٹس ایپ، ٹک ٹاک، فیس بک، انسٹا گرام اور ٹویٹر جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس کے چرچے ہیں۔
دنیا بھر میں سائن بورڈز، بینرز اور اشتہارات میں لوگوں سے کہا جا رہا ہے کہ یا تو گھر رہیں یا پھر تابوت بردار ڈانس کرتے افریقیوں کے ہاتھوں اٹھنے والا جنازہ بن کر قبرستان کا سفر کریں۔ اس میم میں استعمال ہونیوالی موسیقی بھی بہت مقبول ہوچکی ہے اور اسکے بجتے ہی ذہن میں ناچتے تابوت بردار نمودار ہوجاتے ہیں۔
کورونا وبا کے ان دنوں میں افریقی تابوت برداروں نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں میں بند کروڑوں افراد کو تفریح مہیا کی ہوئی ہے اور کوئی احمقانہ یا غلط بات کرنیوالے کا انجام ان جنازہ برداروں کے ہاتھوں دکھانا عام بات بن چکی ہے۔
افریقی تابوت بردار کون ہیں؟
اس میم میں نظر آنیوالے تابوت برداروں کا تعلق افریقی ملک گھانا سے ہے۔ یہ ’نانا اوتا فریجہ پال بئیرنگ اینڈ ویٹنگ سروسز‘ نامی کمپنی کے جنازہ بردار ہیں۔ گھانا میں مرنیوالوں کی آخری رسومات کو بہت اہم سماجی موقع سمجھا جاتا ہے۔ سوشل میڈیا سپر اسٹار بننے والے گھانا کے ان ناچتے تابوت برداروں نے 2003-04 میں جنازہ برداری کا یہ کاروبار شروع کیا تھا۔
اس مقبول بینڈ کے بانی بینجامین ایدو کی جانب سے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا گیا ہے کہ وہ تابوت برداری کے کاروبار میں جدت لیکر آئے کیونکہ جنازہ میں شریک کئی افراد مزید رونا نہیں چاہتے اس لیے وہ انہیں خوش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کے آنسوؤں کو خوشی میں بدلنے کی کوشش کرتے ہیں۔
بینجامین ایدو کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ٹیم میں شامل افراد کے لباس پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے ہے کہ وہ اپنے بینڈ میں شامل افراد کے رقص میں بہتری لانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں تاکہ ان کا بینڈ منفرد رہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ انہیں جو مقبولیت مل چکی ہے اس سے ان کا کاروبار چل نکلا ہے اور وہ کورونا وائرس وبا کے بعد اپنے نرخ بڑھا دیں گے۔
ان کے مطابق اب ان کا کاروبار دیگر ملکوں میں بھی چل نکلا ہے اور افریقی ملک کینیا میں انہوں نے ایک مینیجر اور وکیل رکھ لیا ہے۔
بی بی سی کی جانب سے 27 جولائی2017ء کو ان ناچتے جنازہ برداروں بارے ایک رپورٹ شائع کی گئی تھی جس میں آجکل وائرل ہونیوالا ڈانس بھی شامل تھا۔ بی بی سی کی اس رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گھانا میں کئی لوگ اپنے پیاروں کو آخری آرام گاہ کی جانب سے اسٹائل میں بھیجنے کیلیے ان جنازہ برداروں کی خدمات لے رہے ہیں۔
گروپ لیڈرز بینجامین نے بی بی سی کو 2017ء میں بتایا تھا کہ وہ اپنے کام سے گھانا میں کئی لوگوں کو روزگار مہیا کر رہا ہے جس سے گھانا میں بے روزگاری کے مسئلہ پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
ایک اور انٹرویو میں بینجامین نے کہا ہے کہ 2009ء میں انکے کام کے انداز کو مقبولیت ملنا شروع ہوگئی تھی۔ بی بی سی اور الجزیرہ کی جانب سے انکے انٹرویو ہوئے اور اب کورونا وبا کے دوران انہوں نے اپنے بینڈ کی مزاحیہ ویڈیوز دیکھیں۔
گھر رہیں یا ہمارے ڈانس کا حصہ بن جائیں
گھانا کے ان سپراسٹارز تابوت برداروں کی بڑی تصاویر کو برازیل میں بل بورڈز پر لگایا گیا ہے جس پر لکھا گیا ہے کہ ”گھر رہیں نہیں تو ہمارے ڈانس کا حصہ بننے کیلیے تیار رہیں۔“
جنازہ برداروں کی میم میں کونسا گانا ہے؟
گھانا کے جنازہ بردار بینڈ کی مقبول میم میں چلنے والا میوزک Astronomia ہے۔ اس گانے کے موجد وائسٹون اور ٹونی اگی ہیں۔ اس ٹریک کو 2010ء میں ریلز کیا گیا تھا۔ وائس ٹون کی جانب سے جنازہ بردار بینڈ کی میم وائرل ہونے کے بعد ٹویٹ کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انہیں لگتا ہے Astronomia اب میم بن چکی ہے۔