پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ فکسنگ ثابت ہونے پر کرکٹر عمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔
پابندی کا فیصلہ چیئرمین ڈسپلنری پینل جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان نےسنایا ہے، عمر اکمل پر الزام ہے کہ جب انہیں میچ فکسنگ کے لیے رقم کی پیشکش ہوئی تھی تو انہوں نے کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ کو اس بارے میں نہیں بتایا تھا۔
انہیں پی سی بی کے انٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر سزا سنائی گئی ہے، وہ تین برس تک کسی بھی قسم کی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔
Umar Akmal handed three-year ban from all cricket by Chairman of the Disciplinary Panel Mr Justice (retired) Fazal-e-Miran Chauhan.
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) April 27, 2020
اس سے قبل عمر اکمل نے ایک انٹریو میں بتایا تھا کہ انہیں میچ فکسرز کی جانب سے دو لاکھ ڈالرز کی پیشکش ہوئی تھی کہ وہ ایک میچ کے دوران صرف دو گیندوں کو چھوڑ دیں۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ انہیں بھارت کے خلاف میچ کے دوران کیچ چھوڑنے کے عوض بھاری رقم کی پیشکش کی گئی تھی۔
اسی طرح عمر اکمل کا کہنا تھا کہ انہیں آئی سی سی ورلڈ کپ کے دوران بھی ان سے رابطہ کیا گیا تھا، البتہ انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ انہوں نے پی سی بی کے انٹی کرپشن یونٹ کو اس بارے میں بتایا تھا یا نہیں۔
آئی سی سی کے انٹی کرپشن کوڈ 2.4.4 اور 2.4.5 کے مطابق تمام کھلاڑی اس بات کے پابند ہیں کہ ان سے میچ فکسرز کسی بھی قسم کا رابطہ کریں تو وہ فوراً اسے رپورٹ کریں۔
رپورٹ نہ کرنے کی صورت میں کم از کم سزا 5 سال کے لیے کھیلنے پر پابندی ہے۔