اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کو ان کے عہدے ہٹا دیا گیا ہے اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی اطلاعات بنا دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹویٹ کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ سینیٹر شبلی فراز کو وزیر اطلاعات اور لفٹننٹ جنرل (ر) عاصم باجوہ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات بنا دیا گیا ہے۔
اس سے قبل فواد چوہدری وزیر اطلاعات بنائے گئے تھے تاہم بعد میں انہیں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سونپ دی گئی تھی۔
عاصم سلیم باجوہ نے جون 2012 سے دسمبر 2016 کے درمیان پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ میں ڈائرکٹر جنرل کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔
اس وقت وہ سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین کے طور پر کام کر رہے ہیں، امکان یہی ہے کہ وہ معاون خصوصی بننے کے بعد بھی اس عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔
نئے وزیراطلاعات شبلی فراز ایک انوسٹمنٹ بینکر ہیں جنہوں نے اپنی جوانی میں پاکستان ایئرفورس کے پائلٹ کے طور پر بھی کام کیا ہے۔
انہیں مارچ 2015 میں خیبرپختونخواہ سے سینیٹ کا رکن منتخب کیا گیا تھا، اگست 2018 میں انہیں سینیٹ میں قائد ایوان منتخب کیا گیا تھا۔