مقتول امریکی صحافی ڈینیل پرل کے والدین نے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ اُن کے بیٹے کو انصاف دلانے میں وہ اُن کا ساتھ دیں۔
ڈینیل پرل کی والدہ رُتھ پرل نے مسلم برادری کو ماہ رمضان کی مبارک دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 2002ء میں ہمارے بیٹے کے اغواء اور پھر قتل نے ہماری زندگیوں کو تہہ و بالا کر دیا، کوئی دن ایسا نہیں ہوتا جب ہم اپنے بیٹے کو یاد نہ کریں۔
امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس ، چاروں مجرمان دوبارہ گرفتار
ڈینیل پرل کے والدین کی سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل
ڈینیل پرل کے والد جوڈا پرل نے کہا کہ 18 سال قبل 2002ء میں ہمارے بیٹے ڈینیل پرل کو پاکستان میں کراچی سے اغوا ء کر کے بہیمانہ طور پر قتل کر دیا۔ ہم نے اپنے بیٹے کو ایک اچھا اور ایماندار انسان بننے کی تربیت دی تھی۔ وہ اپنے پیشے سے انتہائی مخلص بے باک صحافی تھا، وہ ہمیشہ سچائی کا ساتھ دیتا تھا اور انسانیت اور انصاف کا علمبردار تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام اجنبیوں کی طرف دوستانہ رویہ رکھتا تھا۔ اسے پتہ ہی نہیں تھا کہ اجبنی ہوتا کیا ہے۔ اس کے لیے کسی اجنبی سے ملاقات ایک نئی دوستی قائم کرنے کا موقع ہوتی تھی۔ اس کے قتل کے بعد سے ہمارا ہر لمحہ اس کی یاد میں گزرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے غم سے سنبھلنے کے لیے ہم نے اپنے آپ کو پاکستان کے لوگوں سے دوستی کا رشتہ جوڑنے کے لیے وقف کر دیا، ہم نے اپنے گھر پر پاکستانی صحافیوں کی میزبانی کی۔ پاکستان میں ہونیوالی ثقافی سرگرمیوں میں معاونت کی اور تاعمر قائم رہنے والی دوستیاں کیں۔
انہوں نے کہا کہ اپریل 2020ء کے شروع میں سندھ ہائی کورٹ نے ڈینیئل کے قتل میں ملوث چار لوگوں کی سزا کے فیصلے کو بدلنے کا حکم سنا دیا، ان میں عمر سعید شیخ کی سزائے موت کا فیصلہ بھی شامل ہے جو کہ اغواء اور قتل کے اس منصوبے کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ یہ وہی شخص تھا جو ڈینیل کو بہکا کر لے گیا اور اس کی موت کا باعث بنا۔
جوڈا پرل نے کہا کہ ہم نے اس فیصلے کیخلاف پاکستان کی سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔ ہم انصاف کے لیے کھڑے ہیں صرف اپنے بیٹے کے لیے ہی نہیں بلکہ پاکستان میں موجود اپنے سب دوستوں کے لیے تاکہ وہ ظلم و خوف سے پاک معاشرے میں رہ سکیں۔ اور اپنے بچوں کی پرورش پُر امن ماحول میں کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے بیٹے کی طرح ہم بھی دوستی محبت اور انصاف کی اقدار پر یقین رکھتے ہیں اور پاکستان کو اس کے شہریوں کیلئے محفوظ دیکھنا چاہتے ہیں، ہمیں امید ہے کہ ہماری اپیل کو کامیاب کرنے میں آپ ہمارا ساتھ دیں گے۔