کورونا وائرس ابھی ایک نئی وبا ہے جس کے متعلق دھیرے دھیرے معلومات اکٹھی ہو رہی ہیں، پوری دنیا میں ڈاکٹرز اور سائنسی محققین اس پر ریسرچ کر رہے ہیں جس کے باعث اس نئے وائرس کے مختلف پہلو سامنے آ رہے ہیں۔
حال ہی میں سامنے آنے والی ریسرچ میں کورونا کا شکار ہونے والوں میں نئی علامات کا انکشاف ہوا ہے، اس سے قبل کورونا سے کھانسی، بخار اور سانس کی تکلیف جیسی علامات ظاہر ہوتی تھیں۔
امریکی کمپنی کی دوائی جس سے کورونا کے مریض تیزی سے صحتیاب ہونے لگے
کورونا مریضوں کی بڑی تعداد میں اس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، نئی تحقیق میں انکشاف
تاہم اب معلوم ہوا ہے کہ نئے نوول کورونا وائرس کے اثرات جلد پر بھی نمودار ہو سکتے ہیں، دنیا بھر میں ایسے مریض سامنے آ رہے ہیں جو جلدی مسائل کا شکار ہو رہے ہیں۔
اٹلی کے ایک ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ لومبارڈی کے علاقے میں کورونا کے 88 مریضوں پر تحقیق کی گئی تو یہ بات سامنے آئی کہ ان میں 20 فیصد جلدی مسائل کا شکار ہیں۔
ان میں سے بعض میں سرخ دانے جبکہ باقیوں میں لاکڑا کاکڑا سے مماثلت رکھنے والے آبلے ظاہر ہونے لگے، فرانس میں کورونا مریضوں میں چھپاکی، سرخ دانے اور فراسٹ بائیٹ جیسے نشانات ہاتھوں اور پیروں پر نظر آئے ہیں۔
امریکہ میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق کوڈ 19 کے مریضوں میں جامنی رنگ کے نشان اور سوجن نظر آ سکتی ہے، نیویارک یونیورسٹی کی ڈاکٹر ایلیسیا فیمیا کا کہنا ہے کہ یہ تمام علامات کورونا کے مشتبہ یا مصدقہ مریضوں میں نظر آئی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ابھی یہ یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ یہ وائرس کی وجہ سے ہو رہا ہے یا اس کے تدارک کے لیے دی جانے والی ادویات کا ردعمل ہے۔
ڈاکٹر ایلیسیا کے مطابق ابتدائی تحقیق سے یہ معلوم ہوا ہے کہ کورونا مریضوں کی جلد میں ریشز کی وجہ دوران خون میں پیدا ہونے والے مسائل ہو سکتے ہیں۔
اسی طرح سونگھنے اور چکھنے کی حس کا اچانک خاتمہ بھی کورونا مرض کی علامات میں شامل ہے، یہ علامت اس سے قبل دیگر وائرل انفیکشنز میں دیکھی گئی ہے۔
متعدد ممالک میں کی جانے والی تحقیق کے بعد سونگھنے اور چکھنے کی حس سے محرومی کا تعلق کورونا وائرس سے تقریباً ثابت ہو گیا ہے۔
امریکہ کے اہم ترین طبی ادارے سی ڈی سی نے حال ہی میں کورونا وائرس کی 6 نئی علامات کو فہرست میں شامل کیا ہے جس کے بعد علامات کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔
ان علامات میں بخار، کھانسی، سانس لینے میں تکلیف، ٹھنڈ، کپکپی، مسلز میں درد، سر درد، گلے کی سوجن اور سونگھنے یا چکھنے کی حس کا اچانک ختم ہو جانا شامل ہے۔