لاک ڈاؤن کے باعث دہلی میں بسنے والی غریب آبادی کو خوراک کی شدید کمی کا سامنا ہے، گزشتہ کئی دنوں سے ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں دکھایا گیا کہ اس آبادی میں ایک ٹرک کے ذریعے آٹا بھجوایا گیا اور اعلان کیا گیا کہ جنہیں ضرورت ہے وہ آ کر ایک کلو آٹا کا پیکٹ لے سکتے ہیں۔
ایک کلو آٹا معمولی مقدار ہے، اس کے پیکٹ میں کم لوگوں نے دلچسپی دکھائی کیونکہ ان کا خیال تھا کہ اس سے ان کے خاندان کو خاطرخواہ سپورٹ نہیں ملے گی۔
البتہ انتہائی ضرورت مند لوگ ان پیکٹس کو لے گئے کیونکہ ان کے لیے ایک کلو آٹا بھی ایک نعمت تھی، بھوک کا کسی حد تک مداوا تو ہو سکتا تھا۔
تاہم جب آٹا کے پیکٹس گھروں میں جا کر کھولے گئے تو معلوم ہوا کہ ہر پیکٹ میں 15 ہزار روپے موجود تھے۔ اس طریقہ کار کے ذریعے امداد کو اصل حقداروں تک پہنچانا مقصود تھا۔
یہ بات سوشل میڈیا پر کئی دنوں سے گردش میں تھی کہ دہلی کے غریب افراد کی مدد کا انوکھا طریقہ بالی وڈ اداکار عامر خان کی جانب سے اپنایا گیا اور ہر طرف عامر خان کے اس اقدام کی ستائش کی جارہی تھی لیکن اس حوالے سے کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی تھی۔
پیر کے روز عامر خان نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’دوستو۔۔ میں وہ شخص نہیں جس نے آٹا کے پیکٹوں میں پیسے ڈالے ہوں ، یا تو یہ کہانی مکمل طور پر جھوٹی ہے یا رابن ہڈ اپنی شناخت ظاہر نہیں کرنا چاہتا۔۔۔ سلامت رہیں ‘۔
عامر خان کے اس ٹویٹ سے یہ افواہیں اب دم توڑ گئی ہیں کہ آٹا کے پیکٹوں میں پیسے انہوں نے بھجوائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان کی جانب سے کوویڈ 19 کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ مہاراشٹرا کے فنڈز میں عطیات دیے گئے تاہم عوامی سطح پر انہیں ظاہر نہیں کیا۔