شیخہ ہند فیصل القاسیمی متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں جو بھارت میں کورونا وباء کے بعد اسلامو فوبیا کے تحت مسلمانوں کو نشانہ بنانے پر بھارتی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتی نظر آتی ہیں۔
وہ اپنے ٹویٹر پر خاصی فعال ہیں اور ان کی پوسٹس کو بڑے پیمانے پر صحافتی و سیاسی حلقوں میں زیر بحث لایا جا رہا ہے، انہوں نے اسلامو فوبیا کے حوالے سے بھارتی کے بڑے نیوز چینلز پر بھی جرات مندانہ موقف پیش کیا ہے۔
یو اے ای کی شہزادی جس کی دھمکی کے بعد بھارتی حکمرانوں کا لہجہ بدل گیا
یو اے ای میں مزید بھارتی شہری اسلام مخالف پوسٹیں کرنے پر مشکلات کا شکار
منگل کے روز انہوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے گلف نیوز کی ایک سٹوری شیئر کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہندو نوجوان کو پاکستان ایئر فورس میں شامل کیا گیا ہے۔ نوجوان راہول دیو کو پاکستان ایئر فورس میں بطور ڈیوٹی پائلٹ آفیسر بھرتی کیا گیا ہے۔
شہزادی ہند القاسیمی کی پوسٹ کا مقصد یہ ظاہر کرنا تھا کہ ایک طرف بھارت میں مسلمان زیرعتاب ہیں تو دوسری جانب پاکستان میں ہندو نوجوان کو پہلی مرتبہ پاکستان ایئر فورس کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ان کی ٹویٹر پر کی گئی اس پوسٹ کو 30 ہزار کے قریب افراد نے پسند جبکہ 49 سو کے قریب نے ری ٹویٹ کیا ہے۔ سینکڑوں افراد نے اس پوسٹ پر تبصرے بھی کیے ہیں۔
راہول دیو صوبہ سندھ کے علاقہ تھرپارکر سے تعلق رکھتے ہیں جہاں ہندو کمیونٹی بڑی تعداد میں آباد ہے۔ آل پاکستان ہندو پنچائیت کے سیکرٹری روی دیوانی نے راہول دیو کی تعیناتی پر مسرت کا اظہا ر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہندو کمیونٹی کے متعدد افراد سول سروس اور پاکستان آرمی میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اس کے علاوہ پاکستان میں کئی ڈاکٹرز بھی ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اقلیتی برادری پر توجہ دے تو مستقبل میں کئی نوجوان ملک کی خدمت کے لیے تیار ہوں گے۔