نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کورونا وائرس سے افریقی نژاد امریکیوں کی اموات گوروں اور دیگر نسل کے امریکی شہریوں سے زیادہ ہو رہی ہیں۔ سیاہ فام امریکیوں کی تعداد امریکی آبادی کا 13.4 فیصد ہے مگر کورونا سے انکی اموات آبادی کے تناسب سے بہت زیادہ ہیں۔
امریکی ریاست لوئیزیانا میں سیاہ فام امریکیوں کی تعداد کل آبادی کا 32 فیصد ہے مگر وائرس سے سیاہ فام مرنیوالوں کی تعداد 70 فیصد ہے۔ مشی گن میں افریقی نژاد امریکیوں کی آبادی 14 فیصد مگر وائرس سے انکی اموات 41 فیصد ہیں۔ اسی طرح ایلینائس میں سیاہ فام امریکی ریاست کی کل آبادی کا 15 فیصد ہیں جبکہ انکی ہلاکتوں کی تعداد 41 فیصد ہے۔
کورونا وائرس کے باعث امریکہ میں سیاہ فام زیادہ کیوں ہلاک ہو رہے ہیں؟
کورونا وائرس آئندہ دو ماہ میں ایک لاکھ 35 ہزار امریکیوں کی جانیں نگل جائے گا
امریکہ کی 4 یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے وبا کے ماہرین کی جانب سے کاؤنٹی کی سطح پر کورونا وائرس کیسز اور اس سے ہونیوالی اموات کے اعدادوشمار کا تجزیہ کیا گیا تو سیاہ فام امریکیوں کے کورونا سے زیادہ مرنے کے شواہد سامنے آئے۔
سینٹر فارد ڈیزیز کنٹرول کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونیوالے سیاہ فام امریکیوں کی تعداد 33 فیصد سے زائد ہے۔
ریسرچ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 13 اپریل تک جن کاؤنٹیز میں سیاہ فام امریکیوں کی آبادی زیادہ تھی وہاں کورونا وائرس کے دو لاکھ 83 ہزار 750 کیسز سامنے آئے تھے اور ان میں وائرس سے 12 ہزار 748 اموات ہوئیں۔ دوسری طرف جن کاؤنٹیز میں افریقی نژاد امریکیوں کی تعداد بہت کم تھی وہاں کورونا کے دو لاکھ 63 ہزار 640 کیسز سامنے آئے اور ان کاؤنٹیز میں 8 ہزار 886 اموات ہوئیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاہ فام امریکیوں کے کورونا وائرس سے زیادہ ہلاک ہونے کی وجوہات میں سماجی حالات، صحت کی سہولیات تک رسائی اور بے روزگاری کا کردار ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 37 ہزار 761 ہوچکی ہے جبکہ اب تک اس سے ہونیوالی اموات 72 ہزار 275 تک پہنچ چکی ہیں۔