گوگل کو عموماً ایک بہترین سرچ انجن کے طور پر جانا جاتا ہے لیکن یہ معلومات دینے کے ساتھ ساتھ اور بھی اہم معاملات میں آپ کی مدد کرتا ہے۔ اس حوالے سے لوگ زیادہ علم نہیں رکھتے اس لیے گوگل سے مکمل فائدہ کم افراد اٹھا پاتے ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ گوگل کی بہت سی ایپس ایسی ہیں جو آپ کے لیے بہت مفید اور مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ چند اہم ایپس یہ ہیں۔
گوگل ٹرانسلیٹ ایپ
اگر آپ سفر کرنے کے شائق ہیں تو آپ کو علم ہو گا کہ نئے ممالک کی اجنبی زبانوں کو سمجھنا کسقدر دشوار ہوتا ہے، اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے گوگل ٹرانسلیٹ ایپ بنائی گئی ہے جو آپ کے لیے ہر زبان کا ترجمہ پیش کرتی ہے۔
اپنے موبائل کے کیمرے کو کسی بھی لفظ یا فقرے پر رکھیں اور یہ ایپ اسے آپ کی مرضی کی زبان میں ترجمہ کر کے پیش کر دے گی۔
گوگل کیپ
اگر آپ کو اہم معاملات یاد نہیں رہتے تو یہ ایپ آپ کے لیے بہت مددگار ثابت ہو سکتی ہے، اس میں روشن اور رنگارنگ نوٹس تیار کرنے کی سہولت موجود ہے۔
یہ آپ کی ضروری کاموں کی فہرست کو ڈیجیٹل شکل دیتی ہے اور وہ بھی رنگ برنگے انداز میں، اس کی بدولت آپ کوئی بھی اہم کام یا موقع بھول نہیں سکتے۔
گوگل سکائی میپ
جس طرح گوگل میپس زمین کے لیے بنائے گئے ہیں اسی طرح گوگل سکائی آسمانوں پر موجود اجسام کو دیکھنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
اس کے ذریعے آپ خلا میں موجود اشیا کوایسے دیکھ سکتے ہیں جیسے آپ کے پاس طاقتور ترین دوربین موجود ہو۔
وقت گزارنے یا معلومات حاصل کرنے کے لیے یہ بہترین ایپ جس کے ذریعے خلا کی وسعتوں میں جھانکا جا سکتا ہے۔
گوگل ساؤنڈ سرچ
اگر آپ ریڈیو پر کوئی گیت سن رہے ہیں لیکن آپ کو یاد نہیں آ رہا کہ اس کا نام کیا ہے تو یہ ایپ آپ کی مدد کرتی ہے۔
اسی طرح اگر آپ کے ذہن میں کوئی گیت آ رہا ہے لیکن اسے یاد نہیں کر پا رہے تب بھی یہ ایپ مددگار ثابت ہوتی ہے۔
آپ گیت چلا کر اس ایپ کو آن کر دیں تو یہ اس کا تجزیہ کر کے اس کا نام بتا دیتی ہے۔
بلڈ ود کروم
اگر آپ بچپن میں لیگوز کھیلتے رہے ہیں تو وہ بچوں کے لیے تھی اور اس میں زیادہ تخلیقیت کی ضرورت نہیں پڑتی تھی۔
بلڈ ود کروم آپ کے لیے لیگوز کا ورچوئل ورژن ہے جس کے ذریعے آپ کچھ بھی تعمیر کر سکتے ہیں۔
اس سے آپ کی تخلیقی صلاحتیں ابھرتی ہیں اور وقت گزاری کے لیے بھی یہ اچھا مشغلہ ہے۔