بھارت نے کرکٹ کے میدان میں دنیا کے بہترین کرکٹرز پیدا کیے ہیں اور ان میں سے کئی کھلاڑیوں نے بطور کپتان کرکٹ کے میدانوں میں اپنی کرکٹ ٹیم کے لیے بے شمار فتوحات حاصل کیں۔
جہاں ہندوستانی اپنے ملک کی کرکٹ میں کامیابیاں سمیٹتے رہے وہاں دنیائے کرکٹ میں چند بھارتی نژاد کھلاڑی ایسے بھی ہیں جنہوں نے دوسرے ممالک کی کرکٹ ٹیموں کی قیادت کی۔
ناصر حسین
سابق انگلش کپتان ناصر حسین چنائی میں پیدا ہوئے تھے انہوں نے 1989 میں کرکٹ کھیلنی شروع کی اور مائپکل اتھرٹن کی ریٹائرمنٹ کے بعد انگلستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر ہوئے۔
ان کی کپتانی میں انگلینڈ نے 45 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 17 ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی، ناصر حسین کی قیادت میں انگلش ٹیم نے بیرونی دورہ کے دوران بہترین کارکردگی دکھائی، 2004 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی اور آجکل اسکائی اسپورٹس کے ساتھ کمنٹیٹر کی حثیت سے کام کر رہے ہیں۔
ہاشم آملہ
جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھنے والے ہاشم آملہ دنیا کے بہترین بلے بازوں میں شمار کیے جاتے ہیں، جنوبی افریقہ کے اوپنر ہاشم آملہ بھی بھارتی نژاد ہیں، ان کے باپ دادا گجراتی تھے اور کئی سال پہلے جنوبی افریقہ شفٹ ہو گئے تھے۔
اسلام پسند کھلاڑی نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کی 14 ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کی 4 میچوں میں کامیابی اور 4 میں ناکامی کا سامنا کیا، ہاشم آملہ نے 9 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوینٹی میچوں میں بھی جنوبی افریقہ ٹیم کی قیادت کی۔
آشیش باگی
دہلی میں پیدا ہونے والے بلے باز آشیش نے کینیڈا کی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی اور ایک دہانی سے زیادہ عرصہ تک کینیڈا کی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے رہے۔
وہ 6 سال تک ٹیم کے کپتان رہے، ان کپتانی میں کینیڈا نے 62 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے اور 4 میں کامیابی حاصل کی، آشیش 2014 میں کرکٹ سے ریٹائر ہوئے۔
آصف کریم
کینیا کے ساحلی شیر ممباسا سے تعلق رکھنے والے آصف کریم نے کینیا کی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی، بھارتی نژاد آصف کریم کی قیادت میں کینیا کرکٹ ٹیم نے 21 ون ڈے میچ کھیلے اور 6 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔
2003 کے ورلڈکپ میں وہ بہترین کھلاڑیوں میں شامل تھے انھوں نے ہندوستان کے خلاف میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، اگرچہ ان کی ٹیم اس میچ میں شکست کھا گئی تھی لیکن اس ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا کے خلاف مین آف دی میچ اعزاز حاصل کیا تھا۔
روبن کنہائی
70 کی دہانی میں ویسٹ انڈیز دنیائے کرکٹ کی بہترین ٹیم تھی جس نے اپنی سرزمین پر اور غیر ملکی وکٹوں پر فتوحات حاصل کیں، اس خطرناک ٹیم کے ایک کپتان بھی بھارتی نژاد روبن کنہائی تھے۔
انھوں نے 1957 میں اپنے کیئرر کا آغاز کیا تھا، ان کی کپتانی میں ویسٹ انڈیز نے 3 ٹیسٹ جیتے اور 7 ڈرا کیے تھے، وہ 1974 میں کرکٹ سے ریٹائر ہوئے، وہ ویسٹ انڈیز کی ون ڈے ٹیم کے پہلے کپتان بھی تھے، انھوں نے اپنے کیرئیر میں 6000 رنز اسکور کیے۔