اداکار، ڈرامہ نگار اور شاعر اطہر شاہ خان کا 77 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال ہو گیا ہے، وہ اداکاری میں جیدی کے نام سے معروف تھے۔
اداکار اطہر شاہ خان جیدی طویل عرصے سے شوگر اور گردے کے عارضے میں مبتلا تھے، مرحوم نے سوگوارن میں اہلیہ اور چار بیٹے چھوڑے ہیں۔
اطہر شاہ خان یکم جنوری 1943 میں ریاست رام پور میں پیدا ہوئے، وہ چوتھی جماعت میں تھے جب پہلے والدہ کا اور کچھ عرصہ بعد ان کے والد کا بھی انتقال ہو گیا اور ان کے بڑے بھائی سلیم شاہ خان نے خاندان کی کفالت کی ذمہ داری اٹھا لی۔
اطہر شاہ خان کو بچپن سے ہی مطالعہ کا شوق تھا، انہوں نے لاہور میں ابتدائی تعلیم حاصل کی اور بعد میں پشار سے سیکنڈری تعلیم اور کراچی کے اردو سائنس کالج سے گریجوئشن کیا۔
پنجاب یونیورسٹی سے صحافت میں ماسٹر کیا اور ہومیوپیتھک کا کورس بھی کیا۔
بعد ازاں وہ ٹیلی ویژن اور اسٹیج پر ڈرامہ نگار کے طور پر نمودار ہوئے، مزاح میں ان کا اپنا ایک رنگ تھا جس کی بدولت انہیں تیزی سے شہرت نصیب ہوئی۔
بعد ازاں میں اداکاری کے شعبے میں آ گئے جہاں جیدی کے کردار نے انہیں مقبولیت کی بلندیوں تک پہنچا دیا، حکومت کی جانب سے انہیں 2001 میں صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردی کے اعزاز سے نوازا گیا جبکہ پی ٹی وی نے اپنی سلور جوبلی کے موقع پر اطہر شاہ خان جیدی کو گولڈ میڈل عطا کیا۔
ایک ٹی وی انٹریو میں انہوں نے بتایا تھا کہ ایک بار وہ اپنے لکھے ہوئے ڈرامے کے اداکار کے ساتھ سفر کر رہے تھے، راستے میں سواری خراب ہونے کے باعث انہیں رکنا پڑا تو لوگوں نے اداکار کو پہچان کر ہاتھو ں ہاتھ لیا لیکن جیدی کو نظرانداز کر دیا، اس واقعہ کے بعد انہوں نے اداکاری کے شعبے میں آنے کا فیصلہ کیا۔