بھارت میں کورونا وبا زور پکڑتی جا رہی ہے، 24 گھنٹوں میں 4200 نئے مریض سامنے آ گئے ہیں جو ایک ہی دن میں ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے۔
یونین ہیلتھ منسٹری نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ نئے مریضوں میں کورونا کی تصدیق کے بعد کیسز کی تعداد 67 ہزار 152 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک اس وبا سے 2206 افراد جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
بھارت میں سخت ترین لاک ڈاؤن میں اب نرمی کر دی گئی ہے، ٹرینوں کی بکنگ آج سے شروع ہے جبکہ کل سے محدود تعداد میں ریل گاڑیاں بھی چلنا شروع ہو جائیں گی۔
بھارتی ریاست کرناٹک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے چوتھے روز 165 کروڑ کی شراب فروخت
بھارت میں بھوک سے بچنے کیلئے گھروں کو جانیوالے 14 مزدور ٹرین کے نیچے آ گئے
این ڈی ٹی وی کے مطابق 25 مارچ سے شروع ہونے والے ملک گیر لاک ڈاؤن کا تیسرا فیز 17 مئی کو ختم ہونے جا رہا ہے، کل سے شروع ہونے والی خصوصی ریل گاڑیوں کی تعداد 15 ہو گی جو دلی سے سفر شروع کریں گی اور آسام، بنگال، بہار، چھتیس گڑھ، گجرات، جموں جھاڑکھنڈ، کرناٹک، کیرالیہ، مہاراشٹر، اوڈیسہ، تامل ناڈو، تلنگانہ اور تری پور کے مختلف شہروں سے گزریں گی۔
آج بھارتی وزیراعظم نریندر مودی وزرائے اعلیٰ سے ملاقات کریں گے جس میں لاک ڈاؤن کے متعلق فیصلے کیے جائیں گے، ریاستیں کورونا وبا کے باعث معیشت کو پہنچنے والے نقصانات پر بات کریں گی۔
یونین ہیلتھ منسٹر ہارش وردھان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10 ریاستوں اور یونین میں کورونا کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، انہوں نے بتایا کہ صحت یاب ہونے والوں کی شرح 31.14 فیصد ہے جو بہت حوصلہ افزا بات ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں مہاراشٹر میں 1278 نئے مریض سامنے آئے ہیں، اب تک بھارت میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر ممبئی ہے جہاں 13 ہزار 500 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 500 کے قریب ہے۔