سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشات کی وجہ سے عیدالفطر کے موقع پر ملک گیر 5 دن کے لیے کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 23 مئی سے 27 مئی تک شہریوں پر گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی عائد ہو گی۔
ریاستی خبر رسان ایجنسی سپا میں شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 23 مئی تک تجارتی اور کاروباری مراکز کھلے رہیں گے اور لوگ صبح 9 سے شام 5 بجے تک گھروں سے باہر نکل سکتے ہیں، تاہم مکہ مکرمہ میں کرفیو کا نفاذ جاری رہے گا۔
سعودی عرب میں پرائیویٹ کمپنیوں کو تنخواہوں میں 40 فیصد تک کٹوتی کی اجازت دینے کا فیصلہ
سعودی عرب کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بڑی کمی واقع ہو گئی
سعودی عرب میں پابندیوں کا خاتمہ اور ملازمت کی تلاش میں نکلی خواتین کا سیلاب
اس سے قبل سعودی عرب نے تمام شہروں اور قصبوں میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ کر دیا تھا تاہم رمضان کے آغاز پر اسے نرم کر دیا گیا تھا، کچھ علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن ختم نہیں کیا گیا تھا جہاں کورونا کے کیسز زیادہ سامنے آئے تھے۔
سعودی عرب میں اس وقت تک کورونا کے 42 ہزار 925 مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں، اب تک ملک بھر میں 264 اموات ہو چکی ہیں۔
خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے تمام چھ ممالک میں سعودی عرب میں کورونا سے سب سے زیادہ مریض سامنے آئے ہیں، ان تمام ممالک کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے تو اب تک ایک لاکھ 7 ہزار افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 582 اموات واقع ہو چکی ہیں۔