14 سالہ پاکستانی نژاد لڑکی سیرین جہانگیر، جو 10 سال کی عمر میں اپنی بینائی کھو بیٹھی تھیں، نے آئی ٹی وی کے مقبول ترین شو ‘بریٹنز گاٹ ٹیلنٹ’ میں موسیقی پر اپنی مہارت دکھا کر سب کو حیران کر دیا۔
ان کے دادا صاحبزادہ جہانگیر وزیراعظم عمران خان کے برطانیہ اور یورپ میں تجارت و سرمایہ کاری کے ترجمان ہیں، پی ٹی آئی رہنما فوزیہ قصوری سیرین کی خالہ ہیں جبکہ جنید جمشید مرحوم ان کے چچا تھے۔
انہوں نے شو میں موسیقی کا جادو بکھیر کر اپنے حریفوں سے برتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ججز اور ہال میں موجود حاضرین کی خوب داد سمیٹی۔
سیرین 2005 میں لندن میں پیدا ہوئیں، پانچ برس کی عمر تک انہوں نے کھیلوں اور رقص سمیت کئی شعبوں میں حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
جب ان کی عمر پانچ برس ہوئی تو ان کی ایک آنکھ کی بینائی مکمل طور پر ختم ہو گئی جبکہ دوسری آنکھ کے متعلق خطرہ تھا کہ وہ بھی کام کرنا چھوڑ سکتی ہے۔
وقت کے ساتھ ساتھ یہ خدشات درست ثابت ہوئے اور سیرین کی دوسری آنکھ میں بھی خرابی پیدا ہونے لگی اور جب وہ 10 برس کی ہوئیں تو بینائی سے مکمل طور پر محروم ہو چکی تھیں۔
دی نیوز کے مطابق سیرین کے لیے یہ 5 برس بہت تکلیف دہ تھے اور انہیں بہت کچھ ایسا ترک کرنا پڑا جس کی وہ خواہش رکھتی تھیں۔
آخر انہوں نے چھو کر پڑھنے کا فن سیکھا اور کتب کا مطالعہ شروع کیا، ان کے والدین اور دیگر اہلخانہ نے مکمل طور پر سیرین کا ساتھ دیا تاکہ وہ زندگی میں کچھ بڑا کام کر سکیں۔
ان کی تعلیم کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے والدین شمالی لندن کے علاقے نارتھ ہل میں منتقل ہو گئے کیونکہ وسطی لندن میں ثانوی تعلیم کے لیے خصوصی بچوں کا کوئی اسکول موجود نہیں تھا۔
اس دوران انہیں موسیقی میں دلچسپی پیدا ہو گئی اور انہوں نے خود سے پیانو بجانا، گیت لکھنا اور گانا شروع کر دیا۔
سیرین نے پھر مڑ کر نہیں دیکھا اور موسیقی سے محبت کے جذبے نے انہیں برطانیہ کے سب سے بڑے ٹیلنٹ شو میں حصہ لینے اور سب کی داد وصول کرنے کا اہل بنا دیا۔
صاحبزادہ جہانگیر نے دی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سیرین پر فخر ہے، وہ بہت محنتی، پیاری اور پرجوش لڑکی ہے۔