سماجی دوری کے اصول کو یقینی بنانے کے لیے جرمنی کے ایک کیفے نے گاہکوں کو سر پر پول نوڈلس کیپ پہنا دیں۔
لاک ڈاؤن کے بعد جرمنی میں پابندیوں میں نرمی کے بعد شیورن میں روٹھی کیفے کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی۔ کیفے کے دوبارہ کھولنے کے موقع پر کیفے مالک جیکولین روٹھی نے اپنے کیفے کے باہر کھانے کی میزوں کے گرد بیٹھے گاہکوں کے سر پر پول نوڈلس والی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جنہیں لوگوں کی جانب سے پسند کیا گیا۔
کیفے مالک کی یہ پوسٹ 25 سو سے زائد مرتبہ شیئر ہو چکی ہے جبکہ ہزاروں افراد نے اس آئیڈیا کے حوالے سے پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ روٹھی نے بتایا کہ جرمنی کے مقامی ٹی وی آر ٹی ایل شہر میں کیفے اور ریسٹورنٹس کے دوبارہ کھلنے پر فلم بنا رہے تھے جو اس موقع پر پول نوڈلس کیپ اپنے ساتھ لائے۔
اس موقع پر ہم نے اپنے گاہکوں کو پول نوڈلس کیپ پہننے کی دعوت دی جس پر اکثر نے رضا مندی ظاہر کر دی۔ کیفے مالک کا کہنا تھا کہ پول نوڈلس کیپ پہنے بیٹھے گاہکوں کی تصاویر سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ کیٹرنگ ٹریڈ کو اس وقت کس طرح کے چیلنج کا سامنا ہے کیونکہ سماجی دوری کے اصول کے تحت آدھی کے قریبی میزوں کو کیفے سے ہٹا دیا گیا ہے اور اب چند میزوں کے ذریعے ریسٹورنٹس اور کیفے چلائے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی انڈسٹری کے لیے یہ مشکل وقت ہے، عمومی طور پر کیفے کے اندر 36 اور باہر 20 میزیں رکھی جاتی ہیں لیکن اب کورونا وباء کی وجہ سے سماجی دوری کی گائیڈ لائنز کی پیروی کرتے ہوئے کیفے کے اندر 12 جبکہ باہر 8 میزیں رکھی گئی ہیں۔
کورونا وائرس کے تازہ اعدادو شمار کے مطابق جرمنی میں ایک لاکھ 76 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 8 ہزار اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔