امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وباء کے دوران خدمات کے اعتراف میں 10 سالہ پاکستانی امریکن گرل سکاؤٹ لیلیٰ خان کو سرٹیفکیٹ سے نوازا ہے۔
کورونا وباء کے دوران امریکہ میں مختلف طریقوں سے خدمات انجام دینے والے ہیروز کی حوصلہ افزائی کے لیے روز گارڈن میں تقریب منعقد ہوئی جس میں امریکی صدر اور خاتون اول ملانیا ٹرمپ نے کورونا وائرس کے خلاف عمدہ کام کرنے والوں کو بھی سرٹیفکیٹ پیش کیے۔
ان ہیروز میں میری لینڈ کی رہائشی پاکستانی امریکن دس سالہ سکاؤٹ گرل لیلیٰ خان بھی شامل ہیں جنہوں نے وباء کے دوران نرسز اور فائر فائٹرز کے درمیان بسکٹ تقسیم کیے۔
لیلیٰ خان اور ان کی دو ساتھی گرلز سکاؤٹس نے بسکٹوں کے 100 بکس میڈیکل ورکرز اور فائر فائٹرز میں تقسیم کیے۔
ان ہیروز میں ویسٹ ورجینیا میں کام کرنیوالی نرس ایمی فورڈ بھی شامل ہیں جنہوں نے کورونا وائرس کے شکار مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے بروکلین نیویارک کا سفر کیا۔
ایمی فورڈ گزشتہ 42 دنوں سے کنگز کاؤنٹی اسپتال سنٹر بروکلین کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں روزانہ 12 گھنٹے کی شفٹ میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روزگارڈ ن میں منعقد ہونیوالی تقریب میں ایمی گارڈن کی مشکل وقت میں اپنے ملک کی خدمات کے اعتراف میں انہیں خراج تحسین پیش کیا۔