جاپان کی ایک 90 سالہ خاتون کا نام دنیا کی معمر ترین یو ٹیوب گیمر کے طور پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے، وہ آن لائن ویڈیو گیمز کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں۔
ہاماکو موری کو ‘گیمر گرینڈ مدر’ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، یوٹیوب پر ان کے سبسکرائبرز کی تعداد 2 لاکھ 50 ہزار ہے، انھوں نے آج سے 39 برس قبل گیمز کھیلنا شروع کی تھیں جبکہ یوٹیوب پر اپنے چینل کا آغاز 2015 میں کیا جس پہ وہ ماہانہ 4 سے زائد ویڈیوز اپ لوڈ کرتی ہیں۔
اپنے کلپس میں وہ گیمنگ کنسولز کو کھولنے سے لیکر کھیلوں میں اپنی مہارت اور صلاحیت کو نشر کرنے تک سب کچھ خود کرتی ہیں۔
وہ گرینڈ تھیفٹ آٹو کا شمار اپنی پسندیدہ سیریز میں کرتی ہیں، گینز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق وہ باضابطہ طور پر دنیا کی معمرترین گیمنگ یوٹیوبر بن گئی ہیں۔
90 سالہ گرینڈ ماں بے دھڑک ہو کر کھیلتی ہیں اور انھوں نے ویڈیوز میں اپنی حس مزاح کو برقرار رکھا ہے۔ ان کی مقبول ترین ویڈیو ‘ایلڈر پلیز ایلڈر سکرولز ورسز سکائیرم’ اب تک 30 لاکھ سے زیادہ بار دیکھی جا چکی ہے۔
موری نے مونسٹر بیٹلنگ گیم کی وڈیو بنانے سے پہلے اپنی سالگرہ کے کیک پر لگی موم بتیاں بجھائیں۔ انھوں نے کہا آج میں بے خوف ہو کر کھیلنے جا رہی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے یہ کھیلنا شروع کیا تو اتنا مزہ آیا کہ میں خود کو روک نہیں سکی۔ میں کسی اور گیم کی طرف نہیں دیکھ سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی یہ گیم کھیلتے ہوئے مجھے رات کے 2 بج جاتے ہیں۔