انگلینڈ کے سپر اسٹار کرکٹر اینڈریو فلنٹوف کا دنیا کے بہترین آل راؤنڈرز میں شمار ہوتا ہے، تاہم لنکا شائر کے لیے ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز مایوس کن تھا۔
انہوں نے حال ہی میں اپنے پہلے فرسٹ کلاس میچ کا ایک واقعہ سنایا ہے، فلنٹوف نے بتایا کہ پورٹسماؤتھ میں ہیمپشائر کے خلاف میچ وہ دوسری سلپ میں فیلڈنگ کر رہے تھے، ڈیوڈ لائیڈ نے کہا تھا کہ میں سلپ میں کیچ پکڑنے والا بہترین فیلڈر تھا لیکن اس روز وسیم اکرم کی بالنگ پر مجھ سے مسلسل کیچ چھوٹے۔
اینڈریو کے مطابق جب وہ آسان کیچ ڈراپ کر رہے تھے تو وسیم اکرم چلائے کہ ’اسے وہاں سے ہٹا دو۔’
ویرات کوہلی اور سچن ٹنڈولکر میں حقیقی فرق کیا ہے، وسیم اکرم نے بتا دیا
وسیم اکرم میچ فکسنگ کے لیے رابطہ کرتے تو قتل کردیتا، شعیب اختر
فلنٹوف نے کہا کہ مجھے پہلے کھیل ہی میں سلپ میں کھڑا کیا گیا اور میں نے لنچ سے قبل ہی تین کیچ ڈراپ کر دیے، میرے لیے یہ شرمناک لمحہ تھا کہ میں نے اپنے بچپن کے ہیروز کے سامنے وہ کیچ چھوڑ دیے تھے، میں وہاں بالکل نہیں ٹھہرنا چاہتا تھا کیونکہ مجھے بہت عجیب محسوس ہو رہا تھا۔
فلنٹوف نے کہا کہ کیا آپ سوچ سکتے ہیں اس وقت کیسا لگا ہو گا جب ایک 17 سالہ لڑکا اپنے ہیروز کے نرغے میں کھڑا ہو کر کیچز ڈراپ کر رہا ہو اور وسیم اکرم جیسا دنیائے کرکٹ کا ایک عظیم کھلاڑی اس پر چیخے کہ اسے یہاں سے ہٹاؤ، یہ بہت خوفناک تھا۔ میں وہاں نہیں رہنا چاہتا تھا۔
سابق انگلش آل راؤنڈر نے سوئنگ کے سلطان کی تعریف کی اور کہا کہ وسیم اکرم میرے بچپن کے ہیروز میں سے ایک تھے اور انہوں نے میرے پورے کیریئر میں میری بہت بہترین رہنمائی کی۔
انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم نے مجھے اپنے سائے میں لیا اور میں نے ان کے ساتھ کافی وقت گزارا، جب وہ باولنگ کرتے تھے تو میں سلپ میں فیلڈنگ کرتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ میں ریورس سوئنگ اور گیند پر انگوٹھے کی پوزیشن کے سارے گُر سیکھتا تھا، وسیم اکرم کا میرے کیرئیر کی تشکیل میں بہت حصہ شامل ہے۔