وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ان کی وزارت کے تیارکردہ سائنسی کیلنڈر کے مطابق کل عید ہو گی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آج 7 بج کر 36 منٹ سے لے کر 8 بج کر 14 منٹ کے درمیان سانگھڑ، پسنی، جیونی، بدین اور ٹھٹھہ میں چاند دیکھا جا سکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مذہبی گروہوں کو ایڈجسٹ کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں جن کے باعث وہ طاقتور ہو گئے ہیں اور حکومتی اختیار میں اپنا حصہ لینے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔
فواد چوہدری کے مطابق اب وقت آ گیا ہے کہ ریاست آئین، عقل اور قانون کو ترجیح دے تاکہ عید کے موقع پر نفاق پیدا نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ شہاب الدین پوپلزئی ہر سال رمضان اور عید کے چاند کے متعلق مختلف اعلان کرتے ہیں جبکہ رویت ہلال کمیٹی الگ اس کا اعلان کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سائنسدانوں کے مطابق چاند پر جو لوگ جائیں گے وہ زیادہ عرصہ وہاں رہ سکیں گے، جلد ہی کئی لوگ چاند پر عید منایا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ علمائے کرام کا یہ دعویٰ درست نہیں ہے کہ عید کے چاند کا ٹیکنالوجی سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ جو عینک انہوں نے پہنی ہوتی ہے وہ اسی ٹیکنالوجی نے تیار کی ہے، اس میں وہی عدسہ استعمال ہوتا ہے جو جدید شکل میں دوربین کا حصہ ہے۔
وزیرسائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ چاند کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں خلائی ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں، ریاضی دانوں اور محکمہ موسمیات والوں کو شامل کیا گیا ہے اور اس میں علماء کی رائے لے کر ایک طریق کار وضع کیا گیا ہے۔
چاند کے متعلق تکنیکی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 29 یا 30 کا چاند کہنے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ چاند کو زمین کے گرد چکر مکمل کرنے میں 29 یا 30 دن لگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سورج اور چاند کی گردش اور سورج کی روشنی جیسے معاملات سامنے رکھ کر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ غروب آفتاب اور طلوع مہتاب میں 38 منٹ کا فرق ہو گا تو چاند نظر آئے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ان کی وزارت نے ایک ایپ بنائی ہے جس کے ذریعے دیکھا جا سکتا ہے کہ چاند اس وقت کہاں موجود ہے، چاند 22 مئی رات 10 بج کر 39 منٹ پر پیدا ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 23 مئی کو یہی چاند سانگھڑ، بدین، جیونی اور ٹھٹھہ میں 7 بج کر 36 منٹ سے لے کر 8 بج کر 14 منٹ تک دیکھا جا سکے گا۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 20 گھنٹے ہو گی تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق موسم کی خرابی کے باعث اسے دیکھنا دشوار ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم آفس کو اپنی تجاویز بھیج دی ہیں، وہاں سے جو فیصلہ آئے گا ہم اس پر عمل کریں گے لیکن ہماری تحقیق کے مطابق پوری مسلم دنیا کی طرح پاکستان بھر میں بھی کل عیدالفطر ہو گی۔
عید ہو جانے کے بعد وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا درست ثابت ہو گیا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ماہر فلکیات کی ڈگری رکھنے والے علما کو رویت ہلال کمیٹی کا چئیر مین مقر ر کرنا چاہیے۔ سائنس کی نئی نئی ایجادات نے تمام مذاہب کو متاثر کیا ہے جیسا کہالٹڑا ساونڈ کی ایجاد کے بعد اس ایجاد سے منسوب آیت کا پہلے والا ترجمہ متروک شمار کیا جاتا ہے۔موجودہ دور میں سائنس کا علم چاند کی پیدائش اور گردش کے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنے پر قادر ہے۔ بشرطیکہ ماہر فلکیات کی ڈگری صحیح طور پر حاصل کی گئی ہو۔