بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس نے جاسوسی کے مشن پر مامور ایک اور پاکستانی کبوتر پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے، پرواز کرتے اس جاسوس کو مقبوضہ کشمیر کی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کے کبوتر کے جسم پر ایک واضح گلابی رنگ کی پٹی تھی اور اس کی ٹانگ کے ساتھ ایک چٹ بندھی ہوئی تھی، کبوتر کو پولیس اسٹیشن میں ایک مشتبہ پاکستانی جاسوس کے طور پر حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس معاملے کو پاکستان کی جانب سے جاسوسی کی ایک کوشش قرار دیتے ہوئے معاملے کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق کبوتر چھڈوال کے علاقے میں ایک خاتون کے گھر میں اترا تھا جس نے اسے پکڑ کر بی ایس ایف کے حوالے کر دیا، اسے بعد ازاں تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق خاتون نے بتایا کہ کبوتر کے پاؤں میں ایک انگوٹھی بندھی تھی جس پر نمبر کندہ تھے۔
بھارت میں کسی کبوتر کو پاکستانی جاسوس قرار دینے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، 2015 میں پٹھانکوٹ کے مقام پر پاک بھارت سرحد پر ایک کبوتر کو جاسوسی کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا جس پر دنیا میں بھارت کا بہت مذاق اڑایا گیا تھا۔