پاکستان مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر دو مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والے سردار عاطف مزاری اپنے بیٹے کے ہاتھوں قتل ہو گئے۔
بدھ کی رات ضلع راجن پور کے علاقے عمر کوٹ میں ان کے بیٹے باسط مزاری نے کلاشنکوف سے ان پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر عاطف مزاری زخمی ہو گئے، انہیں تشویشناک حالت میں راجن پور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق عاطف مزاری اپنے مہمانوں کو کھانا کھلا رہے تھے جب ان کا بیٹا کلاشنکوف لے کر پہنچ گیا اور اپنے والد پر برسٹ کھول دیا۔
خاندانی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے ڈی پی او راجن پور احسن سیف اللہ نے بتایا کہ ان کے بڑے بیٹے باسط مزاری سے حادثاتی طور پر کلاشنکوف چل گئی تھی تاہم پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
عمر کوٹ پولیس نے مرحوم کے چھوٹے بیٹے ریحان مزاری کی رپورٹ پر ایف آئی آر درج کر لی ہے، خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ باسط مزاری کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔