کورونا وائرس نے دنیا کا نقشہ بدل دیا ہے، کئی صنعتیں ایسی ہیں جن کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے، اربوں ڈالرز کا نقصان ہو رہا ہے اور لاکھوں افراد بےروزگار ہو رہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ کئی ممالک معاشی بحران کا شکار ہو رہے ہیں۔
کورونا وائرس نے سب سے زیادہ سیاحت کے شعبے کو نقصان پہنچایا ہے۔ کئی ممالک کا دارومدار سیاحت کے شعبے پر ہے۔
2018 میں عالمی معیشت میں ٹورازم انڈسٹری کا حصہ 8 ہزار 800 ارب ڈالرز تھا اور دنیا بھر میں 31 کروڑ 90 لاکھ افراد کا روزگار سیاحت سے جڑا تھا۔
کن ممالک کی معیشت کا زیادہ دارومدار سیاحت پر ہے؟
تھائی لینڈ کی 22 فیصدمعیشت کا دارومدار سیاحت پر ہے۔ فلپائن کی 21 فیصد، میکسیکو کی 16 فیصد، اسپین کی 14 فیصد، اٹلی کی 13 فیصد، چین اور آسٹریلیا کی 11 فیصد، جرمنی 10.6 فیصد، برطانیہ 10.5 فیصد، انڈیا کی 9.4 فیصد، سعودی عرب9.2 فیصد، فرانس 9 فیصداور امریکہ کی 7.8 فیصد معیشت کا انحصار سیاحت پر ہے۔
سیاحت سے ممالک کتنی کمائی کر رہے ہیں؟
سیاحت سے امریکہ سالانہ 214 ارب ڈالرز ، اسپین 81 ارب ڈالرز، فرانس 65 ارب ڈالرز، تھائی لینڈ 63 ارب ڈالرز، برطانیہ 51 ارب ڈالرز، اٹلی 49 ارب ڈالرز، آسٹریلیا 45 ارب ڈالرز اور جرمنی 43 ارب ڈالرز کماتا ہے۔
آنے والے دنوں میں سیاحت نہ ہونے کی وجہ سے ان ممالک کی معیشت کو دھچکا لگے گا۔
مالدیپ کی ملکی معیشت میں سیاحت کا حصہ 75 فیصد ہے۔ سیاحت نہ ہوئی تو مالدیپ جیسے کئی ممالک معاشی بحران کا شکار ہو جائیں گے۔ تھائی لینڈ 2014 کے بعد پہلی بار معاشی بحران کا شکار ہونے جا رہا ہے۔ اس کی معیشت 6 سالوں میں پہلی بار سکڑنے جا رہی ہے۔
تھائی لینڈ میں اس سال چار کروڑ سیاحوں کی آمد متوقع تھی مگر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے سیاح نہیں آ رہے جس کے باعث اس ملک کی سب سے اہم صنعت مسائل کا شکار ہو گئی ہے۔
گزشتہ سال کے ابتدائی تین ماہ کے مقابلے میں اس سال سیاحوں کی آمد میں 40 فیصد تک کمی آئی ہے جس کی وجہ سے جنوری سے مارچ میں معیشت 1.8 فیصد سکڑی ہے۔خدشہ ہے کہ رواں مالی سال میں تھائی لینڈ کی معیشت 5 سے 6 فیصد سکڑ سکتی ہے۔
سیاحت کی صنعت سے وابستہ کتنے کروڑ افراد بے روزگار ہو سکتے ہیں؟
سیاحت کی صنعت سے جڑے لاکھوں خاندان متاثر ہوں گے۔ ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کے مطابق دنیا بھر میں ساڑھے 7 کروڑ لوگ بے روزگار ہو سکتے ہیں۔
سیاحت نہ ہونے کی وجہ سے دنیا کو کتنے بڑے نقصان کا سامنا ہو سکتا ہے؟
سیاحت کے شعبے سے منسلک لاکھوں افراد کے بے روزگار ہونے کے خدشہ کے ساتھ ساتھ دنیا کو 2 ہزار100 ارب ڈالرز کا نقصان ہو گا۔
سب سے زیادہ نقصان امریکہ کا ہو گا، یو ایس ٹریول انڈسٹری کے مطابق 46 لاکھ افراد بے روزگار ہو جائیں گے اور اس تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو گا۔
(یہ گفتگو شاہ زیب خانزادہ نے جیو نیوز پر اپنے پروگرام آج شاہ زیب خانزداہ میں کی ہے)