خیبرپختونخوا سے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے، وہ حال ہی میں کورونا میں سے صحتیاب ہوئے تھے۔
وہ اپریل کے اواخر میں کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے، 24 اپریل کو انہیں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل کرایا گیا جہاں سے وہ 7 مئی کو صحتیاب ہو کر گھر واپس آ گئے تھے۔
مرحوم کے بھانجے عرفان اللہ نے بتایا کہ گھر والوں کو ان کی موت کا پتا اس وقت چلا جب وہ صبح کی نماز کے لیے نہیں اٹھے، منیر خان اورکزئی عارضہ قلب میں مبتلاء تھے، 2012 میں بھی انہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔
ان کی نماز جنازہ آج 3 بجے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں ادا کی جائے گی۔
منیر خان اورکزئی 15 مئی کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران بیمار ہو گئے تھے، انہیں فوری طور پر پولی کلینکل اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
منیر اورکزئی کو 2011 میں ان کی پارلیمانی خدمات پر صدر پاکستان نے نشانِ امتیاز سے بھی نوازا تھا۔
وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی نے ان کے انتقال پر گہرے رنج اور دکھ اور مرحوم کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔