پاکستان میں کورونا وبا کی شدت مسلسل بڑھتی جا رہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار سے زائد افراد اس سے متاثر ہو چکے ہیں، مریضوں کی تعداد 82 ہزار سے اوپر جا چکی ہے جبکہ 1727 اموات واقع ہو چکی ہیں۔
وائرس نے جہاں عام آدمی کو اپنا شکار کیا ہے وہیں ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی اہم اور معروف شخصیات بھی اس کا نشانہ بنی ہیں۔
کورونا کے باعث انتقال کرنے والی اہم شخصیات
سندھ کے وزیر مرتضیٰ بلوچ گزشتہ روز کورونا وائرس کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے جبکہ آج دو اراکین اسمبلی اس وبا کی وجہ سے انتقال کر گئے ہیں، میاں جمشیدالدین کاکاخیل کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے نوشہرہ سے تھا اور ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ گوجرانوالہ سے تعلق رکھتے تھے۔
سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کے بہنوئی سید مہدی شاہ کورونا کے باعث اس دار فانی سے رخصت ہوئے تھے، اسی طرح رکن صوبائی اسمبلی فضل آغا اور ان کی اہلیہ بھی اسی وبا کا شکار ہو کر انتقال کر گئے ہیں۔
پاکستان کے لیگ اسپنر ریاض شیخ 51 برس کی عمر میں کورونا کا شکار ہوئے اور مختصر علالت کے بعد اس جہان فانی سے رخصت ہو گئے۔
انہوں نے 43 فرسٹ کلاس میچز میں شرکت کی تھی، وہ معین خان کرکٹ اکیڈمی میں ہیڈ کوچ کے طور پر کام کر رہے تھے۔
کورونا سے متاثر ہونے والی اہم شخصیات
معروف اداکار یاسر نواز، ان کی اہلیہ ندا یاسر، سکینہ سموں اور روبینہ اشرف بھی کورونا میں مبتلاء ہیں اور اپنے اپنے گھروں میں قرنطینہ میں بیٹھ گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور معروف گلوکار ابرار الحق اور اداکار نوید رضا بھی اس مرض میں مبتلاء ہو چکے ہیں۔
سینئر سیاست دان اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء مولا بخش چانڈیو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کی وجہ سے وہ گھر میں الگ تھلگ رہ رہے ہیں۔
اسی طرح پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی برگیڈیئر (ر) راحت امان اللہ بھٹی اور ان کے بیٹے بھی کورونا کا شکار ہو گئے ہیں اور گھر پر قرنطینہ میں بیٹھ گئے ہیں۔
میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق صوبائی وزیرخزانہ ظہور بلیدی اور صوبائی وزیر زمرک اچکزئی کے فرزند بھی اسی وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔
رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ کے علاوہ جماعت اسلامی کے عنایت اللہ اور اے این پی کے رکن اسمبلی بہادر خان وائرس کا شکار ہو گئے ہیں اور اس کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس وقت تک قومی اسمبلی کے 7 اراکین کورونا کے مرض میں مبتلاء ہو چکے ہیں، ان میں شہریارآفریدی، عامر ڈوگر، پیر ظہور حسین قریشی، گل ظفر خان، محبوب شاہ اور وجیہہ اکرم شامل ہیں۔
چیف جسٹس بلوچستان جمال مندوخیل اور ان کے 5 اہلخانہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد یہ تمام افراد قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
کورونا کو شکست دینے والی شخصیات
اب تک جن اہم شخصیات نے کورونا کے خلاف فتح حاصل کی ہے ان میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسماعیل، صوبائی وزیرتعلیم سعید غنی، فیصل ایدھی اور گلوکار سلمان احمد شامل ہیں۔