احتساب پر وزیراعظم کے خصوصی معاون شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے 29 ارب کی شوگر سبسڈی کا کیس نیب کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراطلاعات شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے 7 نکات کی منظوری دی ہے جن میں ایک نکتہ شوگر ملز کو دی گئی سبسڈی کا معاملہ نیب کے حوالے کرنے کا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جس کمپنی نے سبسڈی حاصل کرنے کے بعد قانون کی خلاف ورزی کی ہوگی اس کا معاملہ نیب کے دائرہ اختیار میں آئے گا، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے دی گئی سبسڈی کے معاملات کی تحقیقات کی جائیں گی۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ 1990 میں سیاسی خاندان چینی کے کاروبار میں داخل ہوئے اور اس وقت سے انہوں نے اس صنعت میں باقی تمام افراد کو کچل کر رکھ دیا ہے۔ ایک معروف خاندان نے 1990 میں بھارت کو شوگر برآمد کی تھی، اس حوالے سے ایک ریفرنس دائر ہو گا جس کی تحقیقات نیب کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب منظور کیے گئے اقدامات میں سیلز ٹیکس فراڈ، مل مالکان کی جانب سے کم آمدنی دکھانا اور بے نامی سودوں جیسے معاملات ایف بی آر کے سپرد کرنا شامل ہے، ان کیسز کی تحقیقات اور ریکوری 90 روز کے اندر شروع کی جائے گی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے منظور کیا گیا تیسرا نکتہ کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کارٹلز بنانے کی تحقیقات ہے، اس حوالے سے ایک نئی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو 90 روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایسی کمپنیاں جنہوں نے جعلی برآمدات دکھائی ہیں، بیرون ملک سے آنے والے زرمبادلہ کو حلال آمدنی میں تبدیل کیا ہے، قرض معاف کرایا ہے یا گروی رکھا گیا اسٹاک فروخت کیا ہے، ان کی تحقیقات اسٹیٹ بینک آف پاکستان کرے گا اور 90 روز میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ وزارت خزانہ کو پیش کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ایک عمومی رپورٹ نہیں ہو گی بلکہ اس میں کمپنیوں کا نام اور ان کے فراڈ کی تفصیلات موجود ہوں گی۔
شہزاد اکبر کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے منظور کیے جانے والے اقدامت میں ایک یہ ہے کہ ایف آئی اے اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان مل کر کارپوریٹ فراڈ، اسٹاک فراڈ اور دیگر معاملات کی تحقیقات کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ افغانستان کو جعلی برآمدات اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات ایف آئی کے ذمہ ہو گی، ہر رسید چیک کی جائے گی اور ایف آئی اے 90 روز میں ذمہ داروں کے خلاف عدالتوں میں مقدمات دائر کرے گی۔