اسلام آباد: پولیس نے پیپلزپارٹی کی قیادت پر الزام لگانے والی امریکی خاتون سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا ہے، ایف آئی اے نے بھی مقدمہ درج کرنے کے لیے عدالت میں دائر درخواست خارج کرنے کی استدعا کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اسلام آباد کے صدر افتخار شہزادہ نے مقدمے کے اندراج کی درخواست دی تھی، پولیس کے شعبہ قانون کا موقف ہے کہ امریکی خاتون کے خلاف کارروائی ایف آئی اے کے دائرہ اختیار میں آتی ہے۔
امریکی خاتون سنتھیا رچی کا سفری ریکارڈ سامنے آ گیا، 52 بار پاکستان آئیں
رحمان ملک پر زیادتی کا الزام لگانے والی خاتون سنتھیا رچی نے مزید تفصیل بتا دی
دوسری جانب ایف آئی اے بھی مقدمہ درج کرنے سے انکاری نظر آتی ہے، اسلام آباد کی مقامی عدالت میں سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست زیر سماعت ہے جس میں ایف آئی اے نے اپنا جواب داخل کرا دیا ہے۔
دو صفحات پر مبنی اس جواب میں ایف آئی اے نے موقف اختیار کیا ہے کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے، قانون کے مطابق متاثرہ شخص یا اس کا سرپرست شکایت درج کرا سکتا ہے، اس لیے مقدمہ اندراج کی درخواست خارج کی جائے۔
ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر عدنان احمد نے ادارے کی جانب سے عدالت میں جواب داخل کیا ہے، عدالت نے گزشتہ سماعت پر ایف آئی اے کو جواب داخل کرانے کا نوٹس جاری کیا تھا۔
یاد رہے کہ سنتھیا رچی امریکی خاتون ہیں جو گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان میں مقیم ہیں، انہوں نے بینظیر بھٹو اور آصف زرداری پر کئی الزامات عائد کیے تھے۔
انہوں نے بعد ازاں رحمان ملک پر زیادتی جبکہ یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔
رحمان ملک نے سنتھیا رچی کو ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔