وزیر اعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی شرح کے حوالے دنیا کے پہلے تین ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔
کورونا وبا کے دوران عیدالاضحیٰ کے لیے ضوابط تیار کرنے پر علماء و مشائخ کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں ان کا کہنا تھا کہ اگر احتیاطی تدابیر نہ کی گئیں تو جولائی کے آخری دو ہفتے بہت مہلک ثابت ہوں گے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ، مشیر صحت، پارلیمانی سیکرٹری اور صوبائی حکومتوں کے ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس میں علماء و مشائخ بھی شامل تھے، عیدالاضحیٰ کے دوران کورونا وبا سے بچاؤ کے لئے ضوابط کی تیاری کے حوالے سے ان کے ساتھ مشاورت کی گی۔
پنجاب میں ماسک پہننا لازمی قرار
دوسری جانب حکومت پنجاب نے کورونا کے پیش نظر عوامی مقامات پر منہ ڈھانپنا لازمی قرار دے دیا ہے۔
حکومتی نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان احکامات پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس سختی سے عملدرآمد کرائیں گے، ماسک کے بغیر آنے والے گاہکوں کو دکاندار خریداری نہیں کرنے دیں گے۔
اعلامیے کے مطابق اس پابندی کا اطلاق فی الفور ہو گا اور یہ تاحکم ثانی لاگو رہے گی۔