لاہور ہائیکورٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو نااہل قرار دینے کے لیے درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔
درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ریٹرننگ افسر پی پی 286 سمیت دیگر افراد کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار عبدالوحید بلوچ ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار پی پی 286 سے انتخاب جیت کر ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے، انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثوں کی مالیت ڈھائی کروڑ ظاہر کی ہے جبکہ اپنے بیان حلفی میں انہوں نے اثاثوں کی مالیت 7 لاکھ ایک ہزار 893 ظاہر کی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عثمان بزدار نے کاغذات نامزدگی اور بیان حلفی میں الگ الگ اثاثے ظاہر کر کے حقائق کو چھپایا ہے اس لیے وہ صادق اور امین نہیں رہے۔
درخواستگزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عثمان بزدار کو نااہل قرار دیا جائے، فیصلہ ہونے تک ان کی رکنیت معطل کی جائے اور انہیں بطور وزیراعلیٰ پنجاب کام کرنے سے روکنے کا حکم جاری کیا جائے۔
چیف جسٹس قاسم خان عبدالوحید بلوچ ایڈووکیٹ کی درخواست پر اج سماعت کریں گے۔