پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری ایک طویل عرصہ بعد سیاسی طور پر متحرک ہوئے ہیں، انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے لوگوں کے لیے کچھ نہ کیا تو خوفناک صورتحال جنم لے سکتی ہے، ہم نے 18ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے وفاق کو مضبوط کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران آئین اور اصولوں سمیت ہر چیز کو توڑ پھوڑ دینا چاہتے ہیں، وفاق میں بیٹھے لوگ سیاسی ادراک نہیں رکھتے اور ہر بحران کو مزید گہرا کر دیتے ہیں۔
پارٹی رہنماؤں سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے اس شرط پر تیار ہے کہ نوجوان مسلح جدوجہد ختم کرکے سیاسی میدان میں واپس آئیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ اگر بلوچستان میں اکبر بگٹی جیسا ایک اور واقعہ ہوا حالات کسی کے بس میں نہیں رہیں گے، ریاست کو اس صوبے کے حوالے محتاط ہونا چاہیئے۔
انہوں نے قمرالزمان کائرہ اور چوہدری منظور سے گفتگو میں سیاسی صورتحال اور پاری لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ پنجاب میں جیالے متحد رہیں، اچھا وقت زیادہ دور نہیں ہے۔