گزشتہ تین برسوں کے دوران پاکستان کی ڈیجیٹل آبادی میں 68 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ بڑھ کر 7 کروڑ 80 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے دنیا بھر کی معلومات ہمارے انگلیوں کے پوروں کو بخش دی ہیں، کورونا جیسی عالمی وبا کے دوران جس طرح دیگر ممالک میں گوگل پر مختلف موضوعات کی تلاش بڑھی ہے اسی طح پاکستانیوں نے بھی لاک ڈاؤن کے دوران سرچ انجن سے استفادہ کیا ہے جس کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔
گوگل کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران پاکستان میں آن لائن اشیاء کی تلاش میں 300 فیصد اضافہ ہوا ہے، صارفین زیادہ تر ماحول، صحت مند زندگی، ورزشیں، کورونا کے مختلف پہلوؤں اور آن لائن خریداری کے متعلق سرچ کرتے رہے۔
گوگل پر یہ پانچ چیزیں کبھی سرچ نہ کریں
دنیا کے 9 امیر ترین لوگ جن کی دولت میں کورونا وبا کے دوران مزید اضافہ ہو گیا
اسی طرح پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں اور الیکٹرانک گاڑیوں کے متعلق بھی تلاش میں 150 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
گوگل رپورٹ کے مطابق پاکستان میں صاف آسمان کی تلاش میں 300 فیصد، صاف ہوا 300 فیصد، صاف پانی کی تلاش میں 217 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اسی طرح ملک بھر سے ورزش اور صحتمند طرز زندگی کے متعلق تلاش بھی ایک اہم موضوع رہا، یومیہ ورزش کی تلاش میں 160 فیصد اضافہ ہوا۔
گوگل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 5 میں سے 4 صارفین خریداری سے پہلے مصنوعات کے متعلق آن لائن معلومات حاصل کرتے ہیں، اس دوران وہ ویڈیوز کی طرف بھی جاتے ہیں اور ٹیکسٹ سے بھی معلومات لیتے ہیں۔ مصنوعات کی تلاش میں قریبی علاقوں کے آپشن کا استعمال 138 فیصد بڑھا ہے، اسی روز ڈیلیوری کی تلاش میں 150 فیصد جبکہ تیز رفتار ڈیلیوری کو تلاش کرنے والوں کی تعداد میں 130 فیصد اضافہ ہوا ہے۔