وفاقی حکومت نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
وزارت داخلہ نے شوگر کمیشن رپورٹ پر عملدرآمد روکنے کا سندھ ہائی کورٹ کا حکم چیلنج کر دیا ہے۔
وزارت داخلہ نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے حکومت کا موقف سنے بغیر ہی شوگر ملز ایسوسی ایشن کو ریلیف دیا، دوسرے فریق کو سنے بغیر یکطرفہ حکم امتناع نہیں دیا جا سکتا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ قرار دے چکی کہ کمیشن رپورٹ سے شوگر ملز کے حقوق متاثر نہیں ہوئے، سندھ ہائی کورٹ کے حکمنامہ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے آرڈر کا کوئی ذکر نہیں۔
درخواست میں وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ شوگر کمیشن رپورٹ پر کارروائی سے نہیں روکا جا سکتا۔
وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے شوگر کمیشن رپورٹ پر عملدرآمد روکنے کا حکم کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے خلاف سندھ کی 20 شوگرملز نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے حکم دیا تھا کہ آئندہ سماعت تک کوئی کارروائی نہ کی جائے جب کہ عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 30 جون کو جواب طلب بھی کیا ہے۔
