شیخوپورہ کے قریب ایک مسافر وین شاہ حسین ایکسپریس کی زد میں آ گئی جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ حادثہ فاروق آباد پھاٹک کے قریب پیش آیا جہاں ڈرائیور نے جلد بازی کرتے ہوئے ریلوے پھاٹک عبور کرنے کی کوشش کی اور ویگن ٹرین کی زد میں آ گئی، حادثے میں ڈرائیور بھی ہلاک ہو گیا۔
ڈی پی او غازی صلاح الدین کے مطابق ریلوے پھاٹک بند تھا جس کے بعد ویگن ڈرائیور گاڑی کو 25 سے 30 گز پیچھے لے گیا اور ایک ہموار زمین کے ذریعے ریلوے ٹریک عبور کرنے کی کوشش میں ٹرین سے ٹکرا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ تین کوسٹرز میں پاکستانی اور سکھ یاتری سوار تھے، دو کوسٹر ٹریک عبور کر گئے مگر تیسرا حادثے کا شکار ہو گیا۔
کوسٹر کے مسافر پشاور میں کسی بزرگ کے انتقال پر تعزیت کے لیے جا رہے تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام کے ذریعے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے تمام 20 افراد سکھ یاتری تھے۔
انہوں نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے کے بعد اب ریلوے کے پورے آپریشنل سیفٹی ایس او پیز کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔