صوبہ پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے کہا ہے کہ 15 جولائی سے اسکول کھولنے کی اجازت نہیں دے سکتے، حالات بہتر ہوئے تو 15 اگست سے صوبہ بھر میں اسکول کھول دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہی ساتھ ساری کلاسز شروع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، پہلے مرحلے میں ضروری کلاسز لگانے کی اجازت دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک کلاس میں 20 بچوں کو بیٹھنے کی اجازت ہو گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود بھی اپنے ایک ٹویٹ میں بتا چکے ہیں کہ 15 جولائی سے تعلیمی ادارے کھولنے کے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
اس حوالے سے 2 جولائی کو بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہونی تھی مگر شفقت محمود کی والدہ کی وفات کے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا۔
یہ کانفرنس 7 جولائی کو ہو گی جس میں تعلیمی ادارے کھولنے اور ان میں لازمی ایس او پیز کے متعلق فیصلہ متوقع ہے۔