وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک بھر کے تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھول دیے جائیں گے۔
انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کورونا کی صورتحال میں تعلیم کا بڑا نقصان ہوا ہے، تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق تربیت ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت تعلیمی اداروں سے متعلق مزید مشاورت کرے گی، این سی او سی کو تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق معاملات پر تجاویز بھیج دی ہیں۔
شفقت محمود نے کہا کہ ہم نے جو اجلاس کیے ان میں اسکول کھولنے سمیت متعدد امور زیرغور آئے، تعلیمی اداروں سے متعلق ایس او پیز پر نظرثانی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگست کے پہلے اور پھر تیسرے ہفتے فیصلے پر نظرثانی کریں گے، جامعات پی ایچ ڈی کرنے والے طلبا کو 15 ستمبر سے پہلے بلا سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو ایس او پیز پرعمل درآمد کا خاص خیال رکھنا ہوگا، بعض تعلیمی اداروں کو انتظامی دفاتر پہلے کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹیاں عید سے پہلے یا بعد پی ایچ ڈی طلبہ کو محدود تعداد میں بلا لیں، یونیورسٹی ہاسٹل میں 30 فیصد طلبہ کو آنے کی اجازت ہو گی۔