مرحومہ صدف زہرا کی والدہ مسز بخاری نے علی سلمان علوی پر اپنی بیٹی کو قتل کرنے کا الزام دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بیٹی ایک پڑھی لکھی اور تعلم یافتہ گھرانے سے تعلق رکھتی تھی، وہ کسی بھی صورت خودکشی نہیں کر سکتی تھی۔
نقار خانہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مسز بخاری نے کہا کہ اس کیس کو پولیس نے اچھے طریقے سے ہینڈل نہیں کیا، وہ تھانے میں علی سلمان علوی کو پروٹوکول دیتی رہی اور جسمانی ریمانڈ کے دوران علی سلمان سے تفتیش کرنے کے لیے بھی کوئی سختی نہیں کی۔
ان کا کہنا ہے کہ علی سلمان تھانے میں منرل واٹر اور برگر کھاتا رہا اور ہر روز اپنی ڈریسنگ بھی کرتا رہا۔ انہوں نے تھانے کے ایس ایچ او پر پیسے لیکر ملزم علی سلمان علوی کو فیور کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
مسز بخاری کا کہنا تھا کہ جب ہم اپنی بیٹی کی موت کی خبر سن کر اس کے گھر پہنچے تو علی سلمان ٹھنڈا پانی پی رہا تھا اور اس کے چہرے پر کوئی پریشانی نہیں تھی۔
انہوں نے بتایا کہ میری بیٹی جو اس کیس کی مدعی ہے وہ خود ڈاکٹر ہے، اس نے صدف کی لاش دیکھ کر کہا تھا کہ اس کی موت کئی گھنٹے پہلے ہوئی ہے۔
مسز بخاری کے مطابق صدف اعلیٰ تعلیم یافتہ تھیں، انہوں نے انگلش لٹریچر میں ایم فل کیا تھا اور فوجی فاونڈیشن سکول میں پڑھا رہی تھیں، ان کی خواہش تھی کہ وہ اپنی بیٹی کو سی ایس ایس کرائے گی لیکن صدف کی شادی ایک غلط انسان سے ہونے کے بعد وہ مشکلات کا شکار ہو گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ علی سلمان میری بیٹی سے 20 لاکھ روپے اور 30 تولے زیور بھی بیچ کر ہڑپ کر گیا تھا، علی سلمان نے میری بیٹی کو قتل کرنے کے بعد اس کے گلے سے قیمتی ڈائمنڈ کی چین بھی چرا لی۔
مسز بخاری کے مطابق علی سلمان سوشل میڈیا کے ذریعے لڑکیوں کو بلیک میل کرتا تھا اور ان کی بے ہودہ تصاویر منگوا کر ان سے پیسے وصول کرتا تھا، اس کی غیراخلاقی ویڈیوز کا تمام ریکارڈ ہمارے پاس موحود ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ علی سلمان علوی ایک گینگ کا حصہ تھا جو سوشل میڈیا کے لوگوں کو بلیک میل اور ٹرولنگ کرتے تھے، ہم اس ریکارڈ کے ساتھ ایف آئی اے کے سائبر کرایم ونگ میں کیس دائر کرنے جا رہے ہیں تا کہ اس شخص کے ساتھ شامل دوسرے لوگوں کے خلاف بھی کارروائی ہو۔
مسز بخاری کے مطابق ان کی بیٹی کا علی سلمان سے اختلافات اس کے سوشل میڈیا کے ذریعے لڑکیوں کو بلیک میل کرنے کے بعد ہوا، صدف زہرا نے اس کا تمام غیر اخلاقی مواد پکڑ لیا تھا جس کے بعد اس نے قتل کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس سے ان کو انصاف کی توقع نہیں کیونکہ وہ اس کیس میں میرٹ پر تفتیش نہیں کر رہی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ علی سلمان علوی کے ساتھ صدف زہرا کی شادی میں ہمار سارا خاندان شریک تھا۔