تہران میں متعدد دھماکوں کی اطلاعات ملی ہیں، ایرانی براڈ کاسٹنگ کارپوریشن نے مغربی تہران میں دھماکے کی تصدیق کی ہے۔
مہر نیوز ایجنسی کے مطابق تہران کے مغرب میں قدس اور شہریار کے علاقوں میں یہ دھماکے ہوئے ہیں۔
ایران کے حکومت مخالف ایک ٹی وی چینل نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان میں سے ایک دھماکہ بہت زوردار تھا اور مغربی تہران کے اس علاقے میں ہوا ہے جہاں فوجی بیرکس موجود ہیں، دھماکوں کے بعد علاقے کی بجلی بھی چلی گئی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کے مطابق قدس فورس کے ویئر ہاؤس میں یہ دھماکے ہوئے ہیں، ایک ایرانی صحافی نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ ایران کے انقلابی گارڈز کے امام حسن مجتبیٰ بیس پر دھماکے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دھماکوں کی آوازیں انقلابی گارڈ کے ایئربیس سے سنی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ منگل کو تہران کے جنوب میں ایک دھماکے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے، جمعرات کو ایک اور واقعہ میں ملک کے یورینیم افزودہ کرنے والے سینٹر پر آگ لگ گئی تھی جس سے کافی نقصان پہنچا تھا۔
اسی طرح گزشتہ ہفتے تہران کے شمال میں موجود ایک اسپتال میں دھماکہ ہوا تھا جس میں 19 افراد ہلاک ہو گئے تھے، حکام کے مطابق یہ واقعہ گیس لیک ہونے کے باعث پیش آیا تھا۔