بھارت کے معروف اداکار سشانت سنگھ کی موت کا دکھ ابھی تازہ تھا کہ ایک اور بھارتی اداکار سشیل گوڑا نے خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کناڈا کے ٹی وی اداکار سشیل گوڑا نے منڈیا میں واقع اپنے گھر میں خود کشی کی ہے۔
انہوں نے کناڈا کی رومانوی ڈرامہ سیریز انت پورہ میں اپنے رول کے باعث شہرت حاصل کی تھی، انہوں نے ایک بھارتی فلم میں بھی کام کیا تھا جس کا ٹریلر بھی ریلیز ہو چکا ہے۔
پولیس ان کی خودکشی کے متعلق تفتیش کر رہی ہے تاہم سوشل میڈیا پر ایک مرتبہ پھر بھارتی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری میں اقرباپروری کا شور مچ گیا ہے۔
سشیل گوڑا کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر بہت سے تعزیتی پیغامات کے ساتھ معاملے کی مکمل تفتیش کا مطالبہ کیا ہے، اس موقع پر سشانت سنگھ کی خودکشی کا دکھ بھی تازہ ہو گیا اور اس کی بازگشت ایک مرتبہ پھر سنائی دینے لگی ہے۔
پولیس کے مطابق اس بات کا امکان ہے کہ سشیل کے پاس لاک ڈاؤن کے باعث کام نہیں تھا، وہ ایک فٹنس ٹرینر بھی تھے تاہم کورونا کے باعث یہ کام بھی بہت کم ہو گیا تھا۔