بالی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد انہیں اسپتال داخل کر دیا گیا ہے۔
اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے اور انہیں اسپتال داخل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے اہلخانہ اور اسٹاف کے افراد کے ٹیسٹ بھی کیے جا رہے ہیں جن کا نتیجہ ابھی آنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 روز کے دوران جتنے لوگ بھی ان سے رابطے میں آئے ہیں، انہیں اپنا کورونا ٹیسٹ کرا لینا چاہیئے۔
77 سالہ امیتابھ بچن ایک لیجنڈ سمجھے جاتے ہیں جنہوں نے 5 دہائیوں پر مشتمل اپنے کیرئیر کے دوران 200 سے زائد فلموں میں کام کیا ہے۔
بعد ازاں ان کے بیٹے ابھیشیک بچن نے بھی ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، وہ اپنے والد کے ساتھ ممبئی کے ناناوتی اسپتال میں داخل ہیں۔
خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق امیتابھ بھچن میں کورونا کی معمولی علامات موجود ہیں اور وہ اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل ہیں۔
ابھیشیک کی اہلیہ اور بالی وڈ کی معروف اداکارہ ایشوریا رائے کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
یہ خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں نے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، ان میں ایکٹریس سونم اہوجا اور سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان بھی شامل ہیں۔
1970 سے شہرت حاصل کرنے والے امیتابھ بچن اب تک 4 نیشنل فلم ایوارڈز اور 15 فلم فیئر ایوارڈز جیت چکے ہیں، فرانس نے بھی انہیں اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈ، لیجن آف آنر، سے نوازا ہوا ہے۔