وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وبا ابھی تک کنٹرول میں نہیں ہے تاہم اس کا قابو پانا ہمارے ہاتھ میں ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وبا کے خلاف ملک میں جاری کوششوں پر جلدی فتح حاصل کرنے کا اعلان کر کے ہم کہیں خود کو خراب نہ کر بیٹھیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہونے والی ٹیسٹنگ دیگر صوبوں سے کم از کم دگنا ہے، پنجاب کی آبادی سندھ سے زیادہ لیکن ٹیسٹنگ کی شرح کم ہے، صوبہ بھر میں تقریباً 11 ہزار 790 ٹیسٹ روزانہ کر رہے ہیں جبکہ پنجاب میں یہ شرح 5 ہزار 359 ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 15 دن کے دوران مجموعی طور پر سندھ میں ایک لاکھ 55 ہزار 344 ٹیسٹ کیے، اس کے برعکس پنجاب میں ایک لاکھ 28 ہزار 369 ٹیسٹ ہوئے ہیں حالانکہ پنجاب میں آبادی سندھ سے دگنی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے دعویٰ کیا کہ ان کے صوبے میں کورونا کے خلاف اقدامات 26 فروری سے شروع ہو گئے تھے، وزیراعظم اور دیگر صوبوں نے ہمارے اقدامات دیکھ کر اس کی پیروی کی جس کی وجہ سے آج صورتحال قابو میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کو جب تک انسان خود نہ لائے اس وقت تک یہ نہیں آتی، میڈیا کو چاہیئے کہ وہ لوگوں کو ٹیسٹ کرانے کی طرف راغب کرے تاکہ اس وبا کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔