امریکہ میں گزشتہ 24 چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے نئے مریضوں کی تعداد 75 ہزار 600 تک پہنچ گئی جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔
اسی طرح بھارت میں بھی ایک ہی دن میں 35 ہزار کے قریب مریض سامنے آئے ہیں، ملک بھر میں مریضوں کی کل تعداد 10 لاکھ سے اوپر ہو گئی ہے۔
امریکہ میں 24 جون کو 37 ہزار 14 نئے کیسز رجسٹر ہوئے تھے، اب یہ تعداد تقریباً دگنی ہو چکی ہے۔گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک بھر میں نئے کورونا مریضوں کی اوسط تعداد 63 ہزار تک پہنچ چکی ہے جو ایک ماہ قبل 22 ہزار 200 تھی۔
امریکہ کی 50 ریاستوں میں آدھی میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا جا چکا ہے تاہم ملک میں اب بھی بہت سے حلقے اس حکم کو ذاتی آزادی کے لیے ایک خطرہ سمجھتے ہیں۔
امریکہ میں اب تک 37 لاکھ کے قریب کورونا مریض سامنے آ چکے ہی جبکہ اموات کی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
بھارت کی صورتحال
بھارت میں کورونا کی صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے اور نئے مریضوں کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ملک بھر میں کورونا اموات کی تعداد 25 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
اس وقت بھارت میں اوسطاً 30 ہزار نئے کیسز روزانہ سامنے آ رہے ہیں جو ایک ماہ قبل 10 دس ہزار کے قریب تھے۔
حکومت کے نقادوں کا کہنا ہے کہ نریندر مودی نے قبل از وقت لاک ڈاؤن نافذ کر دیا تھا اور اب مناسب وقت سے پہلے ہی اسے ختم کر دیا ہے۔
اس وقت اگرچہ برازیل میں 20 لاکھ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے تاہم ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں ٹھہراؤ آ گیا ہے، میسا چوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ اگلے برس کے آخر تک بھارت دنیا بھر میں بدترین وبا کا شکار ہو گا۔
بھارت میں اب تک 10 لاکھ 5 ہزار سے زائد افراد میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 25 ہزار 600 کو عبور کر گئی ہے۔