پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بیگو لائیو ایپ پر فوری پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ ٹک ٹاک کو بھی آخری وارننگ دے دی ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ بیگو لائیو پر فحش اور غیراخلاقی مواد سامنے آیا تھا جس کی وجہ سے ملک بھر میں اس پر فوری پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
حکام کے مطابق بیگو ایپ کے متعلق مختلف حلقوں سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں جن کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے حکام نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک ایپ کے متعلق بھی بہت سی شکایات سامنے آئی ہیں، اسے مسلسل وارننگز دی گئیں جن کا جواب نہیں ملا۔
پی ٹی اے کے مطابق اب ٹک ٹاک کو بھی آخری وارننگ دے دی گئی ہے جس پر عمل نہ کرنے کی صورت میں اس پر بھی پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ حکام نے متعدد بار ٹک ٹاک کو وارننگ دی ہے کہ وہ غیراخلاقی مواد اس ایپ سے ہٹا دے اور یہ یقین دہانی کرائے کہ آئندہ اس قسم کی ویڈیوز اپ لوڈ نہیں کی جائیں گی۔
ٹک ٹاک ایک چینی ایپ ہے جو صارفین کو لپ سنکنگ کے ذریعے مختصر ویڈیوز بنانے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
اس وقت ٹک ٹاک ایپ پر کئی ممالک میں پابندی عائد کی جا چکی ہے، چین اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی کے بعد بھارت میں بھی اسے بند کر دیا گیا تھا۔