وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پی ٹی وی کی فیس کا معاملہ موخر کر دیا گیا۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران وفاقی وزرا نے پی ٹی وی کی فیس میں اضافے پر اعتراض کر دیا۔
ذرائع کے مطابق فیصل واوڈا، مراد سعید اور فواد چودھری نے سرکاری ٹی وی فیس اضافہ پر اعتراض کیا جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ عوام کو اعتماد میں لیے جانے تک اس پر عملدرآمد روک دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصلے سے قبل عوام کو بتایا جائے کہ سرکاری ٹی وی کو 14 ارب روپے کا خسارہ کیوں ہو رہا ہے۔
اجلاس کے دوران فیصل واوڈا نے سوال اٹھایا کہ حکومتی میڈیا ٹیم بہتر انداز میں اپنا بیانیہ کیوں پیش نہیں کر پا رہی؟
ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ تعمیراتی انڈسٹری میں حکومت نے شاندار کامیابی حاصل کی لیکن اس کا ذکر تک نہیں ہوا، وزیراعظم نے مشکل حالات کے باوجود معیشت کو ٹرن راؤنڈ کیا۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ معاشی ٹیم حکومت کے بیانیہ کو تقویت کیوں نہیں دے پا رہی؟
ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض وزراء نے اجلاس میں معاشی اور میڈیا ٹیم سے سوال و جواب بھی کیے، اس دوران وزیراعظم نے وزارت آبی وسائل کے نئے ڈیموں کی تعمیر سے متعلق اقدامات کی تعریف کی۔
وزیرخارجہ محمود قریشی نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی وزارت کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈیم کے معاملے پر دہائیوں بعد کام کا آغاز بڑی کامیابی ہے۔