وزیراعظم عمران خان نے بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کو نشان پاکستان کا اعزاز دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی طویل عرصے سے آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں، ایسے دور سے گزر رہے ہیں جس کا اختتام کشمیر کی آزادی ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کی طاقتور قومیں تکبر میں فیصلے کر کے تباہ ہوگئیں، نریندر مودی 5 اگست کو بہت بڑی غلطی کر بیٹھا ہے۔ اس کا خیال تھا کہ چونکہ بھارت ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے اس لیے دنیا اس پر چپ رہے گی اور مغربی ممالک اسے چین کے خلاف استعمال کرنا چاہتے ہیں اس لیے وہ بھی چپ رہیں گے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں نے دنیا بھر کے لیڈروں کو مسئلہ کشمیر سمجھایا، نیویارک ٹائمز کے بورڈ کو مودی کی سوچ سے متعلق بتایا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل، فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے بات کی جس کے بعد انہیں آہستہ آہستہ اس معاملے کی سمجھ آنے لگی۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ بھارت کی جان سے کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے والے اقدام پر پاکستان خاموش نہیں رہا بلکہ دنیا بھر میں آواز اٹھائی جس کی وجہ سے سلامتی کونسل کے اجلاس میں 1965 کے بعد 3 مرتبہ بعد کشمیر کا معاملہ زیر غور آیا اور اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی 2 رپورٹس منظر عام پر آئیں۔