معروف اداکارہ عائشہ عمر نے انکشاف کیا ہے کہ جب انہوں نے 23 برس کی عمر میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تو ان سے دگنی عمر کا ایک طاقتور شخص کئی برس تک انہیں جنسی طور پر ہراساں کرتا رہا۔
ہالی وڈ اداکارہ اور ڈائرکٹر روز میکگوان کے ساتھ انسٹاگرام پر لائیو گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ اب جا کر انہیں اس معاملے پر بات کرنے کا حوصلہ ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک بار کا واقعہ نہیں تھا، یہ سلسلہ کئی سال چلتا رہا لیکن میں اس پر کوئی کارروائی نہیں کرنا چاہتی تھی، میں اسے ایک ڈبے میں بند کر دیا اور تسلیم کر لیا کہ میرے ساتھ یہ ہو رہا ہے اور مجھے اس سے نمٹنا ہو گا۔
عائشہ عمر نے بتایا کہ میں اسے کسی کے ساتھ شیئر نہیں کرنا چاہتی تھی اور اسے میں نے 15 سال تک چھپائے رکھا اور دو برس قبل کسی کو اس کے متعلق بتایا۔
انہوں نے کہا کہ انڈسٹری سے ایک اور دوست نے بھی اپنی کہانی سنائی تو ٹی وی چینلز نے مجھے کالز کرنا اور پوچھنا شروع کر دیا کہ کیا وہ سچ کہہ رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے جواب میں یہی کہا کہ میں جنسی ہراسانی کے کسی بھی شکار کی بات پریقین کروں گی، انہوں نے پوچھا کہ کیا انڈسٹری میں یہ سلسلہ چل رہا ہے اور پہلی بار میں نے ہاں میں جواب دیا۔
عائشہ عمر کے مطابق ٹی وی چینلز نے پھر مجھ سے پوچھا کہ کیا میرے ساتھ ایسا کوئی واقعہ ہوا ہے تو میں نے کہا کہ ہاں لیکن اس کے متعق آج نہیں بلکہ کسی اور وقت بتاؤں گی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ابھی تک کسی شخص کا نام نہیں لیا لیکن اس بارے میں بات کرنا شروع کر دی ہے۔
یاد رہے کہ اداکارہ روز میکگوان نے 2017 میں ہالی وڈ اور اس کی طاقتور ترین شخصیت کے متعلق خاموشی توڑنے کا فیصلہ کیا تھا اور اپنی کہانی دنیا کو سنائی تھی۔